داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ : مین ڈیم اور زیرزمین پاور کمپلیکس کی تعمیر کیلئے عالمی سطح پر معروف 10 کمپنیوں کی جانب سے تجاویز موصول

داسو پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے ایک نیا میکانزم اختیار کیا گیا ،کامیابی سے پانی اور پن بجلی کے دیگربڑے منصوبوں کی جلد تعمیر کیلئے مواقع میسر آئینگے تجاویز جمع کروانے والی کمپنیوں میں4 کا تعلق ترکی،3 کا چین جبکہ ایک ایک کا تعلق اٹلی، کوریا اور ویت نام سے ہے

جمعہ 29 مئی 2015 17:15

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے ایک اہم پیش رفت کے طور پر عالمی سطح پر معروف 10 کمپنیوں اور جوائنٹ ونچرنے پراجیکٹ کے مین ڈیم کیلئے اپنی تجاویز واپڈا کو جمع کرادی ہیں ، اِن ہی کمپنیوں میں سے 8 نے زیرِزمین پاور کمپلیکس کی تعمیر کیلئے بھی اپنی تجاویز ارسال کی ہیں، بعض کمپنیوں نے مین ڈیم اور پاور کمپلیکس کی تعمیر کیلئے فنڈز کا انتظام کرنے کا بھی عندیہ دیا ہے۔

بین الاقوامی کمپنیوں اور جوائنٹ ونچرز کی جانب سے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے یہ شاندار رسپانس واپڈا کے اعلیٰ افسروں کی جانب سے گذشتہ ایک سال کیلئے اس ضمن میں کی جانے والی کوششوں کا نتیجہ ہے۔بین الاقوامی کمپنیوں کی جانب سے یہ رسپانس واپڈا اور پاکستان کے ہائیڈرو پاور سیکٹر پر اعتماد کا بھی مظہر ہے۔

(جاری ہے)

تجاویز جمع کرانے والی کمپنیوں میں سے 4 کا تعلق ترکی، 3 کا چین، ایک کا اٹلی، ایک کا کوریا جبکہ ایک کا تعلق ویت نام سے ہے۔

ارسال کی جانے والی تجاویز کی جانچ پڑتال کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جس کی تکمیل کے بعد کوالی فائی کرنے والی کمپنیوں اور جوائنٹ ونچرز کو بِڈ ڈاکومنٹس جاری کئے جائیں گے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے ایک نیا میکانزم اختیار کیا گیا ہے۔ پراجیکٹ کے اطلاق کیلئے اس میکانزم کی کامیابی سے پانی اور پن بجلی کے شعبوں کے اہم اور بڑے منصوبوں بشمول دیامر بھاشا ڈیم، بونجی، پٹن اور تھاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی جلد تعمیر کیلئے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

4320 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا حامل داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ایک رَن آف دی ریور منصوبہ ہے۔ جسے دریائے سندھ پر صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع کوہستان میں داسو ٹاؤن کے قریب تعمیر کیا جا رہا ہے۔ وفاقی حکومت اس منصوبے کو دو مراحل میں تعمیر کر رہی ہے۔ پہلے مرحلے کی تعمیر کے بعد ہرسال 12 ارب یونٹ سستی اور ماحول دوست پن بجلی قومی نظام کو مہیا ہوگی جس سے نہ صرف ملک میں بجلی کی قِلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ بجلی کی قیمت میں کمی کے باعث لوگوں کو ریلیف بھی ملے گا۔

پراجیکٹ سے خیبر پختونخوا کے دور افتادہ علاقوں میں سماجی اور اقتصادی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کی تعمیر کیلئے عالمی بنک 588 اعشاریہ 4 ملین ڈالر مہیا کر رہا ہے۔ علاوہ ازیں عالمی بنک پراجیکٹ کیلئے 460 ملین ڈالر کی بنک گارنٹی بھی فراہم کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :