ہائی کورٹ نے بجلی کے بلوں پر عائد سرچارجز کو غیر قانونی ، غیر آئینی قرار دیکر وصولی روک دی

صارفین کے پیسے واپس کرنے کا پلان پیش کرنے کا حکم ، حکومت کی طرف سے فیصلہ معطل کرنے کی استدعا بھی مسترد بجلی کی چوری ، لائن لاسز اور انتظامی نقصان کی وصولی عام شہریوں سے وصول کرنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ‘ عدالتی فیصلہ

جمعہ 29 مئی 2015 17:13

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) لاہور ہائی کورٹ نے بجلی کے بلوں پر عائد سرچارجز کو غیر قانونی ، غیر آئینی قرار دیکر وصولی روک دی جبکہ حکومت کو صارفین کے پیسے واپس کرنے کا پلان پیش کرنے کا حکم بھی دیدیا۔ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس منصورعلی شاہ اور جسٹس عائشہ اے ملک پر مشتمل دو رکنی بنچ نے بجلی بلوں پر عائد سرچارجز سے متعلق کیس کا فیصلہ سنایا ۔

عدالت کے روبرو 269درخواست گزاروں نے بجلی کے بلوں پر عائد سرچارجز کو چیلنج کر رکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ حکومت نے نیپرا کی منظوری کے بغیر سرچارجز عائد کر دئیے ۔عدالت نے بجلی کے بلوں پر عائد ایکو لائزیشن سرچاج ، نیلم جہلم سرچارج ، ڈیٹ سروسنگ سرچارج ، یونیورسل فنڈ سرچارج کو غیرقانونی غیرآئینی قرار دے دیا جبکہ اس حوالے سے نیپرا کے سیکشن اکتیس (5)کو بھی غیرقانونی قرار دیا ۔

(جاری ہے)

عدالت نے وفاقی حکومت کو حکم دیا کہ تین ماہ میں صارفین کے پیسے واپس کرنے یا بجلی کے بلوں میں ایڈجسٹ کرنے کے لیے پلان پیش کریں ۔ عدالت نے فیصلے میں یہ بھی تحریر کیا کہ عوام کو بجلی کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔ بجلی کی چوری ، لائن لاسز اور انتظامی نقصان کی وصولی عام شہریوں سے وصول کرنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔ وفاقی حکومت نے عدالت سے اس فیصلہ کو معطل کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ قریب ہے ، فیصلے سے بجٹ متاثر ہوگا ۔ عدالت نے حکومتی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کے پاس رقم کی واپسی کیلئے تین ماہ کاوقت ہے۔اگر ان کو فیصلے پر اعتراض ہے تو وہ سپریم کورٹ سے رجوع کریں۔

متعلقہ عنوان :