مقبوضہ کشمیر میں بھارت مخالف ریلی میں ایک بار پھر سبز ہلالی پرچم لہرا دیا گیا،پاکستان زندہ باد کے نعرے

بھارتی فورسز نے درجنوں کشمیریوں کو گرفتار ، حریت رہنما یاسین ملک کو نظر بند کردیا

جمعہ 29 مئی 2015 16:57

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور ’جیل بھرو مہم‘ کے خلاف حریت رہنماوٴں کی ریلی میں ایک بار پھر سبز ہلالی پرچم بلند اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا دیئے گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری نگر سمیت مقبوضہ کشمیر کے مخلتف شہروں میں بھارتی مظالم اور ’جیل بھرو مہم‘ کے خلاف ریلیاں نکالی گئیں۔

(جاری ہے)

سری نگر میں بھی حریت رہنما شبیر شاہ کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جس میں ایک بار پھر پاکستانی پرچم لہرا دیا گیا، بھارتی مظالم کے خلاف نکالی جانے والی ریلی کے شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور بھارت مردہ باد، پاکستان سے رشتہ کیا لا الہ اللہ کے نعرے بھی لگائے۔دوسری جانب بھارتی فوج نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حقوق کے لئے آواز بلند کرنے والے درجنوں نہتے کشمیریوں کو گرفتار جب کہ سری نگر میں حریت رہنما یاسین ملک کو بھی نظر بند کردیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی گزشتہ ایک ماہ کے دوران متعدد بار بھارتی مظالم کے خلاف نکالی جانے والی ریلی میں سبز ہلالی پرچیم لہرایا اور پاکستان کے حق میں نعرے لگائے۔