وزیراعظم سے لیاقت بلوچ کی ملاقات ، جماعت اسلامی نے جڑواں شہروں میں احتجاج کا فیصلہ واپس لے لیا

جمعہ 29 مئی 2015 16:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) وزیراعظم نوازشریف سے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی ملاقات کے بعد جماعت اسلامی نے میٹرو بس منصوبے کے افتتاح کے موقع پرجڑواں شہروں میں ہڑتال اوراحتجاج کا فیصلہ واپس لے لیا،وزیراعظم نے جماعت اسلامی کے رہنما کو جماعت کے کارکن حاجی طاہر کے قاتلوں کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرادی۔

(جاری ہے)

جمعہ کوجماعت اسلامی کی طرف سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف سے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے ملاقات کی جس میں حاجی طاہر خان شہید کے قتل کو آٹھ مہینے ہونے کے باوجود قاتلوں کی عدم گرفتاری پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے راولپنڈی کی انتظامیہ اور پولیس کے عدم تعاون اور ناکامی سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا ہے۔ در ایں اثناء امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمان سواتی نے کہا ہے ہم نے فی الحا ل میٹرو بس منصوبے کے افتتاح کے موقع پر حاجی طاہر خان شہید کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف احتجاج کو ملتوی کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کے رویے اور پولیس کی کارکردگی کو دیکھ کرجلد ہی آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔