انسداد دہشت گردی کی عدالت نے را کے مبینہ ایجنٹ امتیاز حسین ، طاہر ، ریحان اور جنید خان کے ریمانڈ میں7روز کی توسیع کردی

جمعہ 29 مئی 2015 16:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے را کے مبینہ ایجنٹ امتیاز حسین ، طاہر ، ریحان اور جنید خان کے ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے مزید 7 روز کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا ۔ جمعہ کو ان ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا ۔ تفتیشی افسر فصیح الزمان نے عدالت میں بیان دیا جس کے مطابق ملزمان انڈیا کی خفیہ ایجنسی را سے تربیت یافتہ ہیں ۔

(جاری ہے)

ملزمان پاکستان بالخصوص کراچی میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرتے ہیں اور افرا تفری پھیلاتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف کراچی کے 6 تھانوں میں مختلف مقدمات درج ہیں ۔ تفتیشی افسر نے اپنے یان میں مزید کہا کہ ملزم طاہر ریحان کی نشاندہی پر امتیاز حسین کو سینٹرل جیل کراچی سے گرفتار کیا گیا ہے ۔ ملزمان کے خلاف جے آئی ٹی تفتیش کر رہی ہے اور ان ملزمان سے مزید انکشافات کی توقع ہے ۔ لہذا عدالت سے گذارش ہے کہ ان کو مزید کچھ روز کے لیے پولیس کی ریمانڈ میں دیا جائے ۔ عدالت نے درخواست قبول کرتے ہوئے ملزمان کو مزید 7 روز کے لیے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ۔