این اے 246میں لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمروں کی ادائیگی کے لیے الیکشن کمیشن کا سندھ رینجرز کو خط

جمعہ 29 مئی 2015 16:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے دوران لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمروں پر نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے ۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کیمروں کی ادائیگی کے لیے پاکستان رینجرز سندھ کو خط ارسال کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246کے 23اپریل کو ہونے والے ضمنی الیکشن کامعاملہ ایک مرتبہ پھر سرگرم ہوگیا ہے اور پولنگ کے دوران لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے کرایے کے حوالے سے اداروں میں نئی بحث شروع ہوگئی ہے ۔

ضمنی الیکشن کے لیے رینجرز کی درخواست پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے تھے ۔پولنگ کو 40روز گذر جانے کے باوجود تاحال سی سی ٹی کیمروں کا کرایہ ادا نہیں کیا گیا ہے ۔اس ضمن میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان رینجرز سندھ کو ایک خط ارسال کیا ہے ،جس میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب پر خرچ کیے گئے 24لاکھ 50ہزار روپے ادا کرنے کو کہا گیا ہے ۔سندھ رینجرز نے معاملہ محکمہ داخلہ سندھ کو ارسال کردیا ہے ۔