پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ ملک میں معاشی اور اقتصادی انقلاب کی راہ ہموار کرے گا ‘ گورنر پنجاب

جمعہ 29 مئی 2015 16:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) گورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہاہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق رائے ہمارے سیاسی اکابرین کے جذبہ حب الوطنی اور سیاسی تدبر کامظاہرہ ہیں جو پاکستان کی سیاسی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا،وزیر اعظم محمد نواز شریف اہم قومی معاملات پر تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلناچاہتے ہیں ، ان کا یہ طرز سیاست جمہوریت کے استحکام اور تسلسل کا باعث ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے سینٹ کے ڈپٹی چیئرمین مولانا عبدالغفور حیدری سے ملاقات کے دوران کیا جنہو ں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ ملک میں معاشی اور اقتصادی انقلاب کی راہ ہموار کرے گا اور یہ امر خوش آئند ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ملک کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کے لیے مسلم لیگ ن کی قیادت کے ساتھ ہیں ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ دیگر اہم معاملات میں بھی اگر اسی جذبہ حب الوطنی کا مظاہرہ کیا گیا تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان اقوام عالم کی صف میں ممتاز مقام پر ہو گا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ ملکی قیادت نے ملک کے مسائل ایک چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے اور ان چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لیے موثر حکمت پر گامزن ہے خصوصا اقتصادی شعبے کی بہتری کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔

سینٹ کے ڈپٹی چیئرمین مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ معاشی طور پر خودکفیل پاکستان ہی ہماری منزل ہے اور موجودہ حکومت اس منزل کے حصول کے لیے صحیح سمت پر گامز ن ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے پاکستان کے طول و عرض میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو ں گے اور لوگوں کے معیار ِ زندگی میں بہتری آئے گی ۔