بھارت میں نئی دہلی کے ہوائی اڈے پر تابکار مادے کا اخراج،2 افراد ہسپتال منتقل،وزیر داخلہ کی تصدیق

جمعہ 29 مئی 2015 15:57

بھارت میں نئی دہلی کے ہوائی اڈے پر تابکار مادے کا اخراج،2 افراد ہسپتال ..

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے ہوائی اڈے پر تابکار مادے کے اخراج کے بعد 2 افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔بھارتی میڈیا کے مطابق وزیرِ داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جمعے کو تابکار مادہ خارج ہونے کی تصدیق کی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ ’لیکج پر قابو پا لیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خارج ہونے والا تابکار مادہ جوہری دوائیوں کے ایک کھیپ کا حصہ تھا جو ٹرکش ایئرلائنز کی پرواز سے دہلی پہنچی تھی اور اس کی منزل شہر کا ایک نجی ہسپتال تھی۔ بھارت کی نیشنل ڈیزاسٹر فورس کے حکا م کا کہنا ہے کہ اس کھیپ میں شامل چار کارٹنز میں سے ایک ٹوٹا ہوا پایا گیا۔فورس کے ایک اہلکار نے کہا کہ ’حالات اب قابو میں ہیں اور ہماری ٹیمیں موقع پر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے۔‘ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ متاثرہ کارٹنز کو الگ کر دیا گیا ہے اور جوہری ماہرین موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس واقعے کے بعد ہوائی اڈے کے کارگو سیکشن میں کام کرنے والے دو کارکنوں کو احتیاطی معائنے کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔بھارت میں جوہری توانائی کے منتظم ادارے اے ای آر بی کے نائب چیئرمین آر بھٹاچاریہ نے بتایا ہے کہ ٹوٹے ہوئے کنٹینر کو الگ کر کے علاقے کو عام آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ تابکاری کے اخراج کا ایک محدود واقعہ تھا اور جس تابکار مادے کا اخراج ہوا وہ سوڈیم آیوڈائیڈ 131 تھا جو گلے کے غدود کے کینسر کے علاج میں استعمال ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :