الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کرلئے

جمعہ 29 مئی 2015 15:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں 30 مئی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کرلئے‘ گیارہ ہزار سے زائد پریذائیڈنگ آفیسرز کو کل سے تین دن کے لئے مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات حاصل ہونگے ای سی پی نے کے پی کے کی حکومت ‘عوام‘ ووٹرز اور سول سوسائٹی کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی جگہ خواتین کو ووٹ سے محروم رکھنے کی شکایت موصول ہو تو وہ فوراً الیکشن کمیشن تک پہنچائی جائے تاکہ کمیشن فوری کارروائی کرسکے۔

(جاری ہے)

کمیشن کے مطابق ووٹرز کے لئے لازمی ہوگا کہ وہ ووٹ ڈالنے سے قبل اپنا اصل شناختی کارڈ انتخابی عملے کو دکھائیں زائد المعیاد شناختی کارڈ بھی ووٹ ڈالنے کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ای سی پی نے پریذائیڈنگ آفیسرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ بزرگ ووٹرز‘ معذوروں اور حاملہ خواتین کو ترجیحی بنیادوں پر ووٹ ڈالنے کا موقع فراہم کریں۔ عوام صاف شفاف انتخابات کو ممکن بنانے کے لئے انتخابی عملے سے تعاون کریں۔ سیاسی جماعتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے انتخابی کیمپ پولنگ سٹیشن سے چار سو میٹر دور قائم کریں۔ خلاف ورزی کرنے والے امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔