پاکستان بیلارس کے ساتھ تجارت، معیشت، دفاع اور ثقافت سمیت تمام شعبوں میں قریبی تعلقات کا خواہش مند ہے

وزیراعظم محمد نواز شریف کی بیلارس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کے ساتھ ملاقات میں گفتگو

جمعہ 29 مئی 2015 14:50

اسلام آباد ۔ 29 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بیلارس کے ساتھ تجارت، معیشت، دفاع اور ثقافت سمیت تمام شعبوں میں قریبی تعلقات کا خواہش مند ہے۔ جمعہ کو یہاں بیلارس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے کہا کہ ان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان ٹھوس سیاسی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ میں عمل انگیز ہوگا۔

قبل ازیں وزیراعظم نواز شریف نے بیلارس کے صدر کا وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر پرتپاک خیرمقدم کیا اور ان کے ساتھ خصوصی اور وفود کی سطح پر مذاکرات کئے جس میں جامع دوطرفہ امور شامل تھے۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان حالیہ ماضی میں بڑھتے ہوئے تبادلوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ دوطرفہ دوروں کے تبادلوں میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے پارلیمنٹیرینز کے درمیان روابط کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے کیونکہ ان کے درمیان باقاعدہ رابطہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ فضاء کے قیام کے لئے بڑا مفید ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ دوطرفہ تجارت 60 ملین ڈالر ہے جو اصل تجارتی صلاحیت سے مطابقت نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا کہ تجارت میں مزید اضافے کی ضرورت ہے، ہمیں دونوں ممالک کے متعلقہ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان قریبی رابطہ کی ضرورت ہے جس سے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل، زرعی آلات، ہیوی مشینری، ٹائلوں، فارما سیوٹیکل، ڈیری پراڈکٹس اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں اقتصادی تعلقات میں اضافے کے بڑے امکانات ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بیلارس کے ساتھ دفاعی شعبہ میں اپنے تعاون میں اضافہ چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تعلیم و ثقافت کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لینا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :