پاکستان بیلا روس میں سائنس و ٹیکنالوجی‘ خارجہ امور‘ ثقافت کے شعبوں میں تعاون کے معاہدے طے

جمعہ 29 مئی 2015 14:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) پاکستان اور بیلا روس کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی‘ خارجہ امور‘ ثقافت کے شعبوں میں تعاون کے معاہدے طے پاگئے ‘ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بیلا روس کے وفد کے ساتھ مثبت اور نتیجہ خیز بات چیت ہوئی‘ عالمی تنظیموں میں موثر کردار ادا کرنے اور امن و استحکام کے لئے مشترکہ ہدف حاصل کرنے کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے‘ دفاع کے شعبے میں بیلا روس سے تعاون بڑھانا چاہتے ہیں‘ دونوں ملکوں کے چیمبر آف کامرس کے درمیان روابط قائم کرنا ہونگے‘وفود کے تبادلے باہمی تعلقات کے فروغ میں معاون ہونگے‘ بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کا دورہ بیلا روس بہت اہمیت کا حامل ہوگا‘ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے مواقعوں کا جائزہ لیا جائے گا‘ پاکستانی کمپنیوں کو بیلا روس میں کام کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو وزیراعظم نواز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں بیلا روس کے صدر اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا اس موقع پر دونوں ممالک میں وفود کی سطح پر مذاکرات ‘ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے معاہدوں سمیت وزیراعظم نواز شریف اور بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی۔پاکستان اور بیلا روس کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات میں دونوں ملکوں میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

مذاکرات میں پاکستان کی طرف سے وفاقی وزراء اسحاق ڈار‘ پرویز رشید‘ خرم دستگیر‘ رانا تنویر‘مشیر خارجہ سرتاج عزیز‘ معاون خصوصی طارق فاطمی‘ سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری اور سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین مختار اسماعیل شریک ہوئے۔ مذاکرات میں وزیراعظم نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیلا روس کے ساتھ روابط میں اضافے پر خوشی ہے‘ وفود کے تبادلوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی روابط کو بڑھانا ہوگا۔ وفود کے تبادلے باہمی تعلقات کے فروغ میں معاون ہونگے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ملکوں کی باہمی تجارت کا حجم ساٹھ ملین ڈالر ہے۔ باہمی تجارتی حجم کو صلاحیت کے مطابق بڑھانے کی ضرورت ہے۔ دونوں ملکوں کو چیمبر آف کامرس کے درمیان روابط قائم کرنا ہونگے۔ تاجروں کے درمیان روابط سے تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکسٹائل‘ زراعت‘ ہیوی مشینری میں اقتصادی تعاون کے معاہدے موجود ہیں۔ فارما سیوٹیکل‘ ڈیری مصنوعات اور ٹرانسپورٹ میں بھی مواقع موجود ہیں‘ دفاع کے شعبے میں بیلا روس سے تعاون بڑھانا چاہتے ہیں‘ ثقافت اور تعلیم کے شعبے میں تعاون کی راہیں تلاش کرنا ہوں گی۔ مذاکرات کے بعد پاکستان اور بیلا روس کے درمیان معاہدوں پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں وزیراعظم نواز شریف اور بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو نے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے۔

پاکستان اور بیلا روس کی وزارت خارجہ کے درمیان تعاون کے لئے مفاہمت پر دستخط کئے گئے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے مفاہمت کی یاداشت کی دستاویزات کا تبادلہ کیا۔ پاکستان اور بیلا روس کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون کا معاہدہ بھی طے پاگیا۔ وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے مفاہمتی یاداشت کی دستاویزات کا تبادلہ کیا۔ سرمایہ کاری بورڈ اور بیلا روس کی سرمایہ کاری ایجنسی کے درمیان مفاہمت پر بھی دستخط ہوئے۔

سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین مختار اسماعیل نے مفاہمتی دستاویزات کا تبادلہ کیا۔ پاکستان ٹیلی ویژن اور بیلا روس کے سرکاری ٹی وی اور ریڈیو کے درمیان تعاون کا معاہدہ بھی طے پایا وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے معاہدے کی دستاویزات کا تبادلہ کیا۔ بیلا روس کی ٹیلی گراف ایجنسی اور اے پی پی کے درمیان تعاون کے لئے مفاہمت پر بھی دستخط ہوئے۔

وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے مفاہمت کی دستاویزات کا تبادلہ کیا۔ بیلا روس کی وزارت ثقافت اور پاکستان کی وزارت قومی ورثہ کے درمیان بھی معاہدہ طے پایا معاہدے کے تحت ثقافت کے شعبے میں تعاون بڑھایا جائے گا۔ معاہدوں پر دستخط کے بعد وزیراعظم نواز شریف اور بیلا روس کے صدر نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیلا روس کے صدر کی پاکستان آمد پر خوشی ہے۔

متعلقہ عنوان :