الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوران خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کی اطلاعات کا نوٹس لے لیا

جمعہ 29 مئی 2015 14:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوران خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کی اطلاعات کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی حکومت اور ریٹرننگ افسران کو واقعہ کی نگرانی کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے دوران مختلف علاقوں میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کے لئے زبانی اور تحریری معاہدوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

ووٹ ڈالنا خواتین کا آئینی اور قانونی حق ہے اور خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے دوران خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنا جرم تصور کیا جائے گا۔صوبائی حکومت اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کے کسی زبانی یا تحریری معاہدے کی نگرانی کریں اور خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔