امریکی محکمہ انصاف نے 15 چینی شہریوں پر امتحانات میں دھوکہ دہی کا الزام عائد کردیا

جمعہ 29 مئی 2015 14:23

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء)امریکی محکمہ انصاف نے 15 چینی شہریوں پر یونیورسٹیوں میں داخلے کے امتحانات میں جعلسازی اور دھوکہ دہی کا الزام عائد کردیا۔عالمی میڈیا کے مطابق استغاثہ کا کہنا ہے کہ ان ملزمان نے اصل طلبا کی جگہ امتحانات دینے کے لیے جعلی پاسپورٹس کا بھی استعمال کیا۔ان افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے 2011 سے 2015 تک مغربی پینسلوینا میں یہ دھوکہ دہی کی۔

ان ملزمان میں مرد اور خواتین دونوں شامل ہیں اور ان کی عمریں 19 سے 26 سال کے درمیان ہیں اور جرم ثابت ہونے پر انھیں 20 برس قید تک کی سزا ہو سکتی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ افراد ریاست ورجینیا کے شہر بلیہسبرگ اور میساچوسٹس کے شہر بوسٹن سمیت ان شہروں میں رہائش پذیر ہیں جہاں مشہور امریکی یونیورسٹیاں واقع ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اصل طلبا کی جگہ امریکی یونیورسٹیوں میں داخلے کے سب سے اہم امتحان سہالیسٹ ایپٹچہوڈ ٹیسٹ (سیٹ) کے علاوہ ٹیسٹ آف انگلش ایز اے فارن لینگویج (ٹوفل) اور گریجویٹ ریکارڈ ایگزامینیشن کے امتحانات بھی دیے۔

پینسلوینہا کے اٹارنی ڈیوڈ ہِہٹن نے کہاکہ ’اس دھوکہ دہی سے جن لوگوں کو فائدہ پہنچتا تھا انہیں امریکہ کے نامی گرامی کالجوں میں داخلہ مل جاتا تھا۔‘ساتھ ہی استغاثہ نے یہ بھی الزام لگایا پہ کہ ملزمان تعلیمی ویزوں کے سلسلے میں بھی فرضی چینی پاسپورٹوں کی مدد سے فراڈ کر رہے تھے۔فلاڈیلفیا میں ہوم لینڈ سکیورٹی کے سپیشل ایجنٹ انچارج جان کیلیگن کے مطابق ’ان طلبا نے نہ صرف جعلسازی سے یونیورسٹیوں میں جگہ بنائی بلکہ وہ ملک کے امیگریشن نظام کو بھی دھوکہ دے رہے تھے۔

‘مقامی اخبار کے مطابق امریکی حکام نے اس سلسلے میں میساچوسٹس کے رہائشی 24 سالہ سیوان ڑاوٴ اور پٹس برگ پینسلوینیا کے 24 سالہ ہان ٹونگ کو حراست میں لیا ہے۔ہان کو اس معاملے میں مرکزی ملزم قرار دیا جا رہا ہے اور وہ اپنے دس ساتھیوں سمیت حکم ملنے پر عدالت میں پیش ہوں گے۔اخبار میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس معاملے کے تین ملزمان اس وقت چین میں ہیں اور عدالتی دستاویزات میں ان کے نام خفیہ رکھے گئے ہیں۔مجرم پائے جانے پر ان تمام افراد کو 20 سال قید یا ڈھائی لاکھ ڈالر جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ سازش رچنے کے الزام میں انھیں اس کے علاوہ 5 سال تک قید ہو سکتی ہے۔