اسلام آباد اور پنجاب بھر میں سی این جی سٹیشنز کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری

جمعہ 29 مئی 2015 12:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) حکومت نے اسلام آباد اور پنجاب بھر میں سی این جی سٹیشنز کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا‘ نوٹیفیکیشن وزارت پٹرولیم کی جانب سے جاری کیا گیا جس میں سی این جی پمپ مالکان کے لئے دو شرائط رکھی گئی ہیں‘ حکومتی اعلان کے باوجود سی این جی سٹیشنز بند ہیں جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو حکومت کی طرف سے اسلام آباد اور پنجاب بھر میں سی این جی سٹیشنز کھولنے کا اعلان کردیا گیا۔ وزارت پٹرولیم کی طرف سے سی این جی سٹیشنز کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ حکومتی اعلان کے باوجود بیشتر سی این جی سٹیشنز بند ہیں حکومت کی طرف سے سی این جی سٹیشنز کو دوشرائط رکھی گئی تھیں کہ ایک تو سی این جی سٹیشنز مالکان سکیورٹی کے طور پر بارہ لاکھ روپے جمع کروائیں ‘ سی این جی سٹیشنز کو تین روز میں سوئی ناردرن کو بارہ لاکھ روپے ایڈوانس جمع کروانے کا پابند کیا گیا جبکہ دوسری شرط یہ تھی کہ صرف وہی سی این جی سٹیشنز کھلیں گے جو نادہندہ نہیں۔

(جاری ہے)

سی این جی سٹیشنز کو گیس 57روپے فی کلو کے حساب سے فراہم کی جائے گی۔ حکومت کی طرف سے نوٹیفکیشن جاری کئے جانے پر متعدد سی این جی سٹیشنز مالکان کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے کڑی شرائط رکھی گئی ہیں نہ ہی ہمارے پاس بارہ لاکھ روپے ہیں اور نادہندہ بھی ہیں۔ واضح رہے جمعہ کو حکومتی اعلان کے بعد پنجاب کے سولہ سو سی این جی سٹیشنز میں سے صرف تین سو سٹیشنز کھلے ہیں۔