سانحہ ڈسکہ، سیالکوٹ کے ایس ایچ اوز مطالبات پر ڈٹ گئے، گوجرانوالہ میں بھی سیٹیں خالی

جمعہ 29 مئی 2015 11:21

سانحہ ڈسکہ، سیالکوٹ کے ایس ایچ اوز مطالبات پر ڈٹ گئے، گوجرانوالہ میں ..

سیالکوٹ / گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مئی2015ء)سانحہ ڈسکہ کے بعد افسروں کے خلاف کارروائی ہونے پر سیالکوٹ کے ستائیس ایس ایچ اوز نے مطالبات تسلیم ہونے تک کام کرنے سے انکار کر دیا ، گوجرانوالہ میں بھی ایس ایچ اوز نے وردیاں اتار کر سیٹیں چھوڑ دیں۔ ڈسکہ واقعہ کے بعد پولیس افسروں کے خلاف کارروائی کیے جانے پرسیالکوٹ کے 27 ایس ایچ اوز نے مطالبات تسلیم ہونے تک کام کرنے سے انکار کر دیا ۔

ایس ایچ اوز نے آر پی او گوجرانوالہ کے سامنے 3 مطالبات پیش کیے ۔ ان کا پہلا مطالبہ سابق ڈی پی او سیالکوٹ شہزاد آصف کے تبادلے احکامات کی واپسی ہے ، ایس ایچ اوز کا دوسرا مطالبہ ہے کہ جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں ملوث وکلاء کو گرفتار کیا جائے ۔ ایس ایچ اوز کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت عدلیہ اور وکلاء کے رویے کی روشنی میں ملزم شہزاد وڑائچ کے ساتھ انصاف ہوتا نظر نہیں آتا ۔

(جاری ہے)

تیسرا مطالبہ انصاف کی یقین دہانی کرائے جانے کا ہے ، اس سے پہلے ڈی پی او سیالکوٹ اور ڈی ایس پی ڈسکہ کے خلاف کارروائی کے بعد ضلع کے 27 تھانوں کے ایس ایچ اوز نے تھانوں میں کام بند کر دیا اور پھر استعفوں کا اعلان کر دیا ۔ آر پی او گوجرانوالہ وقاص نذیر مذاکرات کے لیے سیالکوٹ پہنچے لیکن ایس ایچ اوز اپنے موقف پر ڈٹے رہے اور واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ بھی کیا ۔

طویل مذاکرات کے بعد آر پی او نے میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ کوئی ایس ایچ او استعفیٰ نہیں دے رہا ، ادھر گوجرانوالہ کے ایس ایچ اوز نے بھی الم بغاوت بلند کر دیا اور وردیاں اتار کر سیٹیں چھوڑ دیں ۔ دوسری جانب پی ایس پی چیپٹر پنجاب نے بھی ڈسکہ واقعہ کے تناظر میں پرتشدد واقعات اور معطلیوں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے ، آئی جی پنجاب کو خط لکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔