ا ے این پی بلدیاتی الیکشن میں کلین سویپ کرے گی،میاں افتخارحسین

جمعرات 28 مئی 2015 17:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 مئی۔2015ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ ا ے این پی بلدیاتی الیکشن میں کلین سویپ کرے گی ، اور انشاء اللہ 30 مئی کا سورج اے این پی کی کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترخہ خیل اور پبی میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ اے این پی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوامی مفادات اور حقوق کا تحفظ کیا ہے ، اور عوام کی پارٹی میں جوق در جوق شمولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے، انہوں نے کہا کہ سہ فریقی اتحاد آنے والے جنرل الیکشن میں بھی کامیابی کی طرف ایک قدم ہے اور پختونوں کے حقوق غصب کرنے والوں کو بھاگنے نہیں دینگے۔

میاں افتخار حسین نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں سہ فریقی اتحاد کی کامیابی یقینی ہے اور صوبے کی ترقی کیلئے یہ کامیابی سنگ میل ثابت ہو گی اور فتح کا سورج سہ فریقی اتحاد کے حق میں طلوع ہو گا،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کے مسائل میں تاریخ ساز اضافہ کیا ہے اور اب عوام تبدیلی کا اصل مفہوم بھی جان گئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے غیور عوام تبدیلی کے نام پر ورغلانے اور دھوکہ دینے والوں سے بدلہ لینا جانتے ہیں ، اور 30مئی کو وہ ان مفادپرستوں کے ٹولے کا بوریا بستر گول کر دیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپنے مفادات کا تحفظ کرنے والوں سے خیر کی توقع نہیں کی جا سکتی اور نہ ہی وہ عوام کے مسائل حل کر سکتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اپنی حکومت کی دو سالہ کاکردگی کا موازنہ اے این پی کے صرف دو سالہ دور سے کریں تو حقیقت کھل کر سامنے آجائے گی ، اور وہ جان جائیں گے کہ عوام کی خدمت کا پیمانہ کیا ہو تا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اے این پی نے عوامی حقوق کے تحفظ کا تہیہ کر رکھا ہے اور بلدیاتی الیکشن میں کامیابی کے بعد پارٹی عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی، میاں افتخار حسین نے عوام سے اپیل کی کہ صوبے میں ترقی کا پہیہ پھر سے چلانے کیلئے اے این پی کا ساتھ دیں اور 30مئی کو لالٹین کے نشان پر مہر ثبت کر کے حقوق غصب کرنے والوں کا راستہ روکیں۔