پاکستان و آزادکشمیر سمیت دنیا بھر میں یوم تکبیر کو جوش و جذبہ سے منایا گیا‘ جلسے جلوس‘ ریلیوں کا انعقاد اور کیک بھی کاٹے گئے

آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں اہلیان جموں وکشمیر کے زیر اہتمام عظیم الشان ”پاکستان زندہ باد “ریلی کا انعقاد

جمعرات 28 مئی 2015 16:58

مظفرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 مئی۔2015ء ) پاکستان و آزادکشمیر سمیت دنیا بھر میں یوم تکبیر کو جوش و جذبہ سے منایا گیا‘ یوم تکبیر کے موقع پر جلسے جلوس‘ ریلیوں کا انعقاد اور کیک بھی کاٹے گئے۔ آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں اہلیان جموں وکشمیر کے زیر اہتمام عظیم الشان ”پاکستان زندہ باد “ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

ریلی کی قیادت میں ممبر قانون ساز اسمبلی بیرسٹر افتخار گیلانی‘ پیپلزپارٹی کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میر‘ جماعت الدعوہ کے امیر عبدالعزیز علوی‘ ریفیوجی ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر مزمل اسلم ‘ حامد جمیل‘ ریفیوجی یوتھ فیڈریشن کے صدر صدیق داؤد‘ پاسبان حریت کے عزیر غزالی ‘ انٹرنیشنل فورم فار جسٹس ہیومن رائٹس جموں وکشمیر کے مشتاق الاسلام نے قیادت کی۔

(جاری ہے)

ریلی میں مہاجرین و انصار کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔نوازشریف لورز کے زیر اہتمام یوم تکبیر کے موقع پر کیک کاٹا گیا ‘ مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری چوہدری احسن منظور‘ ضلعی نائب صدر حامد جمیل‘ سینئر نائب صدر حلقہ تین ندیم خالد پلہاجی‘ وقاص کشمیری‘ دلاور‘ راشد احمد ‘ طفیل کشمیری اور تنویر تنولی سمیت کارکنوں کی بڑ تعداد موجودتھی۔

سینٹرل پریس میں عظیم الشان تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔ تقریب میں قائد حزب اختلاف راجہ فاروق حیدر خان‘ شوکت جاوید میر‘ مزمل اسلم ایڈووکیٹ‘ صدیق داؤد‘ مشتاق السلام نے زبردست الفاظ میں افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا اور پوری قوم کو اس دن کی مناسبت سے مبارکباد بھی پیش کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ یوم تکبیر کشمیری قوم کیلئے ایمان کا درجہ رکھتا ہے۔

کشمیری یوم تکبیر پر پوری دنیا کو یہ باور کروانا چاہتے ہیں کہ ہم پاکستان کیلئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کیلئے 67سال کے بعد بھی اُسی طرح تروتازہ ہیں جس طرح سے تحریک کے آغاز سے تھے۔ پاکستان کشمیریوں کی امیدوں کا محورو مرکز ہے۔ 28مئی تاریخی اہمیت کا حامل ہے جب پاکستان عالم کفر میں واحد مسلمان ملک ایٹمی پاور بناہے۔ پاکستان کے ایٹمی پاور بننے سے کشمیر کی تحریک کو تقویت ملی اور کشمیری قوم کے حوصلے بلند ہوئے اور تحریک میں نئی روح پیدا ہوئی۔

وہ نوجوان جو تحریک آزادی کے ماند پڑ جانے سے مایوس تھے پاکستان کے ایٹمی قوت بننے سے ان کے اندر جذبہ حریت پروان چڑھا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے یوم تکبیر منا کر دشمنان پاکستان کو یہ پیغام دیا ہے یہ کہ پوری کشمیری قوم تکمیل پاکستان کیلئے اپنی جدوجہد آزادی کا سورج طلوع ہونے تک جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس موقع پر افواج پاکستان اور وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف کو بھی زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے تمام تر دباؤ کے باوجودچاغی کے مقام پر ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو ناقابل تسخیر قوت بنایا۔

متعلقہ عنوان :