سعودی یونیورسٹیز میں 51.8 فیصد طالبات

جمعرات 28 مئی 2015 15:31

سعودی یونیورسٹیز میں 51.8 فیصد طالبات

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مئی2015ء) سعودی عرب کی وزارتِ تعلیم نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ سرکاری یونیورسٹیوں میں زیرتعلیم سعودی خواتین کی تعداد 51.8 فیصد جبکہ نجی تعلیمی اداروں میں 49 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ سعودی وزارتِ تعلیم کے جاری کردہ اعدادوشمار کا حوالہ دیتے ہوئے عرب نیوز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ یہ اہم تبدیلی سعودی حکومت کے اقدامات کا نتیجہ ہے۔

وزارتِ تعلیم نے کئی سالوں سے خواتین کی مدد کے لیے متعدد منصوبے شروع کر رکھے ہیں۔ خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان نے حال ہی میں شہزادی نورا بنت عبدالرحمان ایوارڈ کا اجراء کیا ہے، جو سائنسی علوم میں بیرونِ ملک اور اندرونِ ملک پوزیشن لینے والی خواتین کی حوصلہ افزائی کے لیے دیا جائے گا۔ 2012ء میں سعودی عرب کی سرکاری یونیورسٹیوں میں پانچ لاکھ گیارہ ہزار پانچ سو ترانوے خواتین طالبات نے داخلہ لیا تھا، یہ تعداد 2013ء میں بڑھ کر پانچ لاکھ اکیاون ہزار ایک سو بانوے ہوگئی، چنانچہ آج یونیورسٹیز کے کل طالبعلموں میں خواتین کی تعداد 51.8 فیصد ہے نجی اداروں میں 2012ء کے دوران خواتین طالبات کی تعداد 26 ہزار پانچ سو نواسی تھی، اور 2013ء میں یہ تعداد بڑھ کر 33 ہزار چھ سو چھیاسی ہوگئی۔

(جاری ہے)

یوں نجی یونیورسٹیوں میں خواتین طالبات کی تعداد 49 فیصد ہوگئی۔ دنیا کے 57 ممالک میں سعودی خواتین تعلیم حاصل کررہی ہیں۔ امریکا میں سعودی خواتین طالبات کی تعداد اٹھارہ ہزار دو سو اکیس، یورپی یونین میں چھ ہزار سات سو چون، کینیڈا میں دو ہزار نو سو تیئس اور آسٹریلیا و نیوزی لینڈ میں چودہ سو پینتالیس ہے۔