سیاسی کارکنوں کی قدر کرنا جانتے ہیں،پورے پنجاب سے کارکنوں کو گورنر ہاؤس مدعو کریں گے‘ گورنر پنجاب

بدھ 27 مئی 2015 23:01

لاہور / ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ وہ سیاسی کارکنوں کی قدر کرنا جانتے ہیں اورپورے پنجاب سے گورنر ہاؤس لاہور میں کارکنوں کو مدعو کریں گے اور انہیں قریب لاکر اقتدار اور ورکرز کے درمیان فاصلے ختم کردیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈسکہ واقعہ میں وکیلوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور واقعے کی پر زور مذمت کرتے ہیں البتہ انہیں رد عمل میں ہونے والے نقصان پر بھی سخت افسوس ہے ۔

گورنر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پنجاب میں کبھی بھی مزید صوبوں کی مخالفت نہیں کی اور اس حوالے سے پنجاب اسمبلی میں پاس ہونے والی قرار داد ریکارڈ پر ہیں اور اب بھی حکومت کا وہی موقف ہے۔ یہ بات انہوں نے سرکٹ ہاؤس میں قومی اخبارات کے کالم نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ صحافی اور کالم نگار معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں اور معاشرے کے مسائل کی نشاندہی کرتے ہیں اور حکومت کو صحیح راستہ دکھاتے ہیں ۔

گورنر نے کہاانہوں نے اس عہدے کو انجوائے کرنے کی بجائے چیلنج سمجھ کر قبو ل کیا ہے اور پنجاب بالخصوص جنوبی پنجاب کے مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے ۔ گورنر نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ میڈیا مستقبل میں ان کی رہنمائی کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ گورنر کے پاس صرف آئینی اختیار ہوتا ہے لیکن انہیں وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب کا مکمل اعتماد اور سپورٹ حاصل ہے انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم ، سیوریج اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی ان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

انہوں نے وومن یونیورسٹی ، نواز شریف زرعی یونیورسٹی ، نواز شریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے منصوبہ جات پر تمام معلومات جمع کر لی ہیں اور ان کے مسائل حل کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ انکی کوشش ہے کہ بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی کے انجینئرنگ کالج کی ایکریڈیشن 3ماہ میں مکمل ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میں اکادمی ادبیات کا آفس ، میوزیم اور سفاری پارک کے منصو بوں پر عمل درآمد کیلئے کوشش کی جائے گی اور پاکستان ٹیلی ویژن ملتان اسٹیشن کو اسکے کیمرے واپس دلائے جائیں گے اور اس اسٹیشن کو اپ گریڈ کرنے کیلئے تجویز بھجوائی جائیگی ۔

انہوں نے کہا کہ میٹرو بس کے منصو بے سے ایک نیا ٹرانسپورٹ کلچر متعارف ہو گا اور عوام کو آرام دہ سفری سہولیات میسر ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو روٹ پر آنے والے حافظ جمال روڈ کے متاثرین کو معقول معاوضہ دیا جائے گا ۔ گورنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب میں بے روز گاری کے خاتمہ کے لئے صنعتی شعبے کو ترقی دینے اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔

گورنر نے کہا کہ انہوں نے گورنر بننے کے بعد وزیر اعلی سے پہلی ملاقات میں جنوبی پنجاب کو اختیارات دینے کے حوالے سے بات کی تھی اور انہیں اعتماد میں لیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی تمام بار ایسوسی ایشنز سے ملاقات کریں گے اور بہت جلد بہاولپور کا دورہ کریں گے ۔ اس موقع پر انہوں نے گردوں کے مرض میں مبتلا سینئر صحافی کامران حبیب کے مفت علاج معالجہ کی یقین دہانی بھی کرائی اور کہا کہ ان کا ریکارڈ انہیں فراہم کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :