ملک میں جاری دہشت گردی کے پیچھے ہندستانی ایجنسی را ملوث ہے،حافظ سعید

انڈیا دہشت گردی، تخریب کاری کے ذریعہ سقوط ڈھاکہ کی طرح پاکستان کو پھر سے نقصانات سے دوچار کرناچاہتا ہے‘امیر جماعۃ الدعوۃ

بدھ 27 مئی 2015 22:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ انڈیا تخریب کاری و دہشت گردی کے ذریعہ سقوط ڈھاکہ کی طرح پاکستان کو پھر سے نقصانات سے دوچار کرناچاہتا ہے۔ ملک میں جاری دہشت گردی کے پیچھے ہندستانی ایجنسی را ملوث ہے۔ افغانستان کو بیس بنا کر پاکستان کو میدان جنگ بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ بھارتی دہشت گردی کا مسئلہ سلامتی کونسل میں اٹھائے۔حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے ملک گیر تحریک جاری رکھیں گے۔ وہ بہاولنگر کے مقامی شادی ہال میں کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر شہر اور اس کے گردونواح سے مختلف مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد موجود تھے۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما مولانا سیف اﷲ خالد،الشیخ عبدالطیف، مولانا نصر جاوید و دیگر نے خطاب کیا۔

جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ جو کام ہندوستان اپنے ملک میں نہیں کرسکا وہ اس نے افغانستان میں کیا۔پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے ہندوستان کی خفیہ ایجنسیاں ملوث ہیں۔ اتحادی ممالک یہ سمجھتے ہیں کہ افغانستان میں امریکا اور نیٹو کو شکست دینے والا پاکستان ہے۔ اس لئے اب وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان سے اس شکست کا بدلہ لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی مسئلے کا حل یہ ہے کہ سب سے پہلے افغانستان سے ہندوستان کو نکالا جائے۔ کنٹرول لائن پر روزانہ فائرنگ اور بلوچستان میں علیحدگی پسندوں کی مدد کرنا، یہ سب ہندوستان کے کام ہیں۔ سربجیت سنگھ کی طرح را کے اور بھی ایجنٹ موجود ہیں جنہیں گرفتارکرنے اور جیلوں میں موجود را کے دہشت گردوں کو میڈیا کے سامنے پیش کرنے کی ضرورت ہے تاکہ قوم ان کے بھیانک چہرے سے آگاہ ہو۔

حافظ محمد سعید نے کہاکہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی اس خطہ میں آمد دہشت گردی کے خلاف لڑائی نہیں بلکہ صلیبی جنگ تھی جسے یہاں بری طرح ناکامی کا سامناکرنا پڑا۔اتحادی قوتیں بم دھماکوں اور خودکش حملوں کے ذریعے جو مقاصدیہاں حاصل نہیں کر سکیں وہ خطہ عرب میں انتشار پیدا کر کے حاصل کرنا چاہتی ہیں۔قرآ ن پاک اور نبی اکرم ﷺ کی سیرت سورج کی روشنی کی طرح ہماری رہنمائی کر رہی ہے۔

ان سازشوں کا توڑ سیرت رسول ﷺ پر عمل کرکے ہی کیا جاسکتا ہے۔ اس کیلئے امت کو اکٹھا کرنے اور حکومتوں کو ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلانے کی ضرورت ہے۔ہم نے ہر طبقہ کو دعوت دینی اور صلیبیوں و یہودیوں کی سازشوں سے مسلمانوں کو آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہ حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان پر فرض ہے۔ ہمیں اس مسئلہ پر خاموش نہیں رہنا۔ آج جماعۃالدعوۃ ‘اسلام دشمن قوتوں کی آنکھوں میں اس لئے سب سے زیادہ کھٹکتی ہے کہ ہم مسلم امہ کو قدموں پر کھڑا کرنے کیلئے اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا اور حرمین کے دفاع کی بات کر رہے ہیں۔

ہمیں مسلمانوں کو صحیح راستہ دکھا کر اصل منزل کی طرف گامزن کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب عراق میں مسلمانوں کا قتل عام کیاجارہا تھا تو ہم نے اس وقت بھی کہا تھا کہ مسلمانوں کو گھیرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں ۔ حقیقت یہ ہے کہ اس وقت یمن کو دشمنان اسلام نے سب سے بڑا مورچہ بنا رکھا ہے۔دکھ اس بات کا ہے کہ خود کو مسلمانوں کا خیرخواہ سمجھنے والے بعض عناصر اور ملک بھی دشمن کی سازشوں میں رنگ بھررہے ہیں۔

ہمیں کفار کے خوفناک عزائم کو مدنظر رکھتے ہوئے مسلم حکمرانوں کو جھنجھوڑنا ہے۔جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما مولانا سیف اﷲ خالد،الشیخ عبدالطیف، مولانا نصر جاوید و دیگر نے کہاکہ خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے یمن میں باغیوں کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کر کے بہت احسن قدم اٹھایا ہے۔ اس سے پہلے دنیا کو معلوم نہیں تھا کہ یمن میں دشمنان اسلام کیا سازشیں کر رہے ہیں اور باغیوں کے پیچھے اصل قوتیں کونسی ہیں؟ لیکن اب سب کچھ کھل کر دنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم ممالک متحد ہو کر سرزمین حرمین شریفین کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :