کھیلوں کے ذریعے شہر میں امن قائم ہوسکتا ہے، محمد اسلام

بدھ 27 مئی 2015 22:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء)نوجوانوں کے مسائل حل کرکے ہی پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔ سیاستدانوں نے کراچی کے نوجوانوں کو اپنی بھٹی کا ایندھن بنایا۔ نوجوان اسلام اور پاکستان کے لئے اپنی جانیں قربان کردیں گے۔ حکومت کھیلوں کی سرپرستی کرے۔ کراچی کے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ ہے۔ کھیلوں کے فروغ کے ذریعے شہر میں امن قائم کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ بات جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے امیر محمد اسلام نے شاہ لطیف ٹاؤن سیکٹر 16-A شاہین کرکٹ کلب کے تحت منعقدہ شاہ لطیف ٹاؤن چیمپیئن ٹرافی ٹورنامنٹ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مفتی ضیاء الرحمن فاروقی، قدر گل، خواج محمد تنولی، ٹورنامنٹ کے آرگنائزر مہتاب عالم اور آصف گھمن نے بھی خطاب کیا۔ شاہ لطیف کرکٹ چیمپیئن ٹرافی ارشد میموریل کرکٹ کلب بھینس کالونی نے جیتی جبکہ رنر ٹیم شاہین الیون تھی۔ اس موقع پر مہمانوں نے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ محمد اسلام نے کہا کہ جماعت اسلامی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی کرے گی اور ہم کھیلوں کے میدانوں کی رونقوں کو بحال کریں گے۔ اور کھیلوں کے ذریعے شہر میں امن قائم کریں گے۔