میکانگی روڈ پر نہتے وبے گناہ تاجروں اور کوئٹہ کے شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ بدترین دہشتگردی ہے، پشتونخواملی عوامی پارٹی

بدھ 27 مئی 2015 22:27

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں میکانگی روڈ پر نہتے وبے گناہ تاجروں اور کوئٹہ کے شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ کو بدترین دہشتگردی قرار دیتے ہوئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو پوری کرتے ہوئے دہشتگردی پر قابو پائے اور اس میں ملوث عناصر کو کیفرکردار تک پہنچا کر عوام وشہریوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے کوئٹہ میں بے گناہ نہتے شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ اور شہر میں خوف وہراس ودہشت پھیلانے کے پے درپے واقعات رونماء ہوئے ہیں اور گزشتہ روز ایک بار پھر میکانگی روڈ کے تجارتی مرکز میں دو بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ اور ایک کو زخمی کرنے کی دہشتگردی کے سنگین جرم کا ارتکاب کیا گیا ۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردی کے ان واقعات میں ملوث دہشتگرد عناصر کے منفی وعوام دشمن عزائم سے ہر کوئی بخوبی آگاہ ہے اور ان عناصر کا مقصد کوئٹہ کے پرامن ماحول اور بھائی چارے کو نقصان پہنچاکر شہریوں کو آپس میں دست وگریباں کرکے تجارت وکاروبار اور معاشرتی زندگی کو تباہ کرنا اور فرقہ واریت ودہشتگردی کو پروان چڑھاناہے ۔

بیان میں کہاگیا ہے کہ اسلام آباد کے استعماری وآمرانہ قوتوں اور اداروں نے انتہا پسندی ،فرقہ واریت اور دہشتگردی کی بنیاد رکھ کر اپنے استعماری وتوسیع پسندانہ عزائم کی تکمیل کیلئے اس ناسور کو پروان چڑھایا اور آج بھی کوئٹہ اور ملک کے دیگر حصوں میں دہشتگردی کے واقعات میں ملوث عناصر ان قوتوں کی دسترس سے ہر گز آزاد نہیں ۔ اور ملک میں پھیلی ہوئی دہشتگردی کے اصل ذمہ دار یہی استعماری وآمرانہ قوتیں اور ادارے ہیں جو ملک کو تباہی وبربادی سے دوچار کرنے اور تباہ کن نتائج کے باوجود آج بھی اس کی سرپرستی سے دستبردار نہیں ہوئے ہیں اورریاست نے بھی دہشتگردی کا صفایا کرنے کیلئے نہ کوئی ٹھوس اور واضح پالیسی وضع کی ہے اور نہ ہی اس پر عملی اقدامات اٹھائیں ہیں یہی وجہ ہے کہ دہشتگردی پر قابو نہیں پایا جارہا ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنیوالے ادارے اور ایجنسیاں ان دہشتگردوں کے نیٹ ورک سے بخوبی آگا ہ ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام دہشتگردوں کیخلاف موثر کارروائی کرکے اس ناسور کا صفایا کرے ۔ بیان میں گزشتہ روز دہشتگردی کے رونماء ہونیوالے واقعہ اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد شہر میں خوف وہراس اور دہشت پھیلانے کی سازش کو ناکام بنانے کیلئے کوئٹہ پولیس کے اعلیٰ افیسران واہلکاروں کی بروقت کارروائی اور حالات کو کنٹرول کرنے پر انہیں داد وتحسین پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ وہ آئندہ بھی اپنی فرائض اور ذمہ داریوں کو پوری کرتے ہوئے اپنے صلاحیتوں اور جرات میں مزید اضافہ کرینگے اور عوام وشہریوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے ۔

بیان میں دہشتگردی کا شکار ہونیوالے بے گناہ شہریوں کے لواحقین اور پسماندگان سے دلی ہمدردی ویکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے ۔