سانحہ ڈسکہ کے خلاف حافظ آباد کے وکلاء کا تیسرے روز بھی یوم سیاہ ، مظاہرہ

وکلا نے ٹائر نذر آتش کر کے ٹریفک بلاک کر دی ،پنجاب پولیس نے ماڈل ٹاؤن لاہور کے بعد ڈسکہ میں ظلم و بر بریت کی ایک اور مثال قائم کی ہے پاکستان کے وکلاء ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں اور جب تک ڈسکہ واقعہ کے ذمہ داروں کو سزا نہیں دی جاتی وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے، وکلا کا مظاہرے سے خطاب

بدھ 27 مئی 2015 21:42

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) سانحہ ڈسکہ کے خلاف حافظ آباد کے وکلاء نے تیسرے روز بھی یوم سیاہ منایا،وکلاء نے ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکرٹری چودھری امان اللہ سندھو،فرینڈز لائیرز گروپ کے صدر چوہدری معظم علی بھٹی،چوہدری تجمل رضا، رانا عدیل مقبول سمیت دیگر سینئر وکلاء کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی اور ڈی پی او آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

وکلاء نے بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں اور وہ پولیس کے خلاف شدید نعرہ بازی کر رہے تھے۔مظاہرین نے جناح چوک بائی پاس پہنچ کر بھی احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائر نذر آتش کر کے ٹریفک بلاک کر دی ۔وکلاء رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس نے ماڈل ٹاؤن لاہور کے بعد ڈسکہ میں ظلم و بر بریت کی ایک اور مثال قائم کی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وکلاء ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں اور جب تک ڈسکہ واقعہ کے ذمہ داروں کو سزا نہیں دی جاتی وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔