جوڈیشل کمیشن کا فارم نمبر 15 کیلئے پولنگ بیگز کھولنے کا حکم

ضلعی ججز سے فارم کی تصدیق کروا کر آٹھ جون تک بھجوائے جائیں قبائلی علاقوں میں پولنگ بیگز کھولنے کا کام پولیٹیکل ایجنٹ کرے گا، جوڈیشل کمیشن کی ان کیمرہ کارروائی کا اعلامیہ

بدھ 27 مئی 2015 21:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) عام انتخابات 2013ء میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن نے فارم نمبر 15 کے لیے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے پولنگ بیگز کھولنے کا حکم دے دیا ہے اور کہا ہے کہ ضلعی ججز یہ فارم حاصل کرکے اس کی تصدیق کرتے ہوئے جوڈیشل کمیشن کو آٹھ جون تک بھجوانے کا حکم دیا ہے جبکہ قبائلی علاقوں میں پولنگ بیگز کھولنے کا کام پولیٹیکل ایجنٹ کرے گا ۔

(جاری ہے)

فارم 15 نکلوانے کا عمل متعلقہ ڈسٹرکٹ ججز کی زیر نگرانی کیاجائے گا جوڈیشل کمیشن کی جانب سے بدھ کے روز صبح نو بجے چیف جسٹس ناصر الملک کے چیمبر میں ان کیمرہ اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں سیاسی جماعتوں کے وکلاء الیکشن کمیشن کے وکیل سمیت دیگر افراد پیش ہوئے تھے اس دوران ان سے نہ صرف رائے لی گئی تھی بلکہ ان کی رائے سننے کے بعد درج بالا فیصلہ ہوا تھا جوڈیشل کمیشن کے سیکرٹری محمد حامد علی کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ تمام متعلقہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی باہمی مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا الیکشن کمیشن کے تحت فارم نمبر 15 حاصل کئے جائیں تمام سیاسی جماعتوں نے اس بات پر رضا مندی کا اظہار کیا ہے کہ تھیلے کھولے جائیں اور یہ سب متعلقہ ضلعی ججوں کی زیر نگرانی کیا جائے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے پولنگ بیگز ان کے متعلقہ ضلعی ججز کی نگرانی میں کھولے جائیں گے اور ضلع وسیع ہے تو وہاں پر سینئر ڈسٹرکٹ ججز اپنا کام سرانجام دینگے ان ضلعی ججز کو وہاں کے ضلعی الیکشن کمیشن دفاتر کی جانب سے یہ کام سونپا جائے گا اس دوران سفید ، خاکی اور نیلے بیگز ہی کھولے جائیں گے اور کسی تھیلے کو نہیں چھیڑا جائے گا پولنگ اسٹیشنوں کے فارم نمبر 15 کی کاپیاں ضلعی ججوں کی تصدیق کے ساتھ حاصل کی جائینگی ہر حلقے کے فارم کو علیحدہ سے پیک کیا جائے گا اور اس طرح سے سربمہر جوڈیشل کمیشن کو ارسال کیاجائے گا اگر کسی پولنگ سٹیشن کا فارم نمبر 15 غائب پایا جاتا ہے یا کسی بھی پولنگ بیگ کی سیل ٹوٹی ہوئی ملتی ہے یہ نوٹ کیا جائے گا اور اس حوالے سے کمیشن کو بتایا جائے گا قبائلی علاقوں میں یہی کام وہاں کی متعلقہ ایجنسیوں کے پولیٹیکل ایجنٹس کرینگے اور انہیں متعلقہ ایجنسی کے الیکشن کمیشن کا دفتر مقرر کرے گا یہ سب کام آٹھ جون تک مکمل کیا جائے گا