عرفان صدیقی سے بیلا روس کی وزیر اطلاعات کی ملاقات

دونوں ممالک کے درمیان میڈیا، تعلیم، ثقافت سمیت مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق بیلاروس پاکستان میں میڈیا، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ادب، ثقافت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے ٗانانیش لیلی

بدھ 27 مئی 2015 21:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی امور عرفان صدیقی سے بیلاروس کی وزیراطلاعات انانیش لیلیا نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان میڈیا، تعلیم، ثقافت سمیت مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ عرفان صدیقی نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے بیلاروس کے صدر کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ ہم ان کے دکھ میں شریک ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بیلاروس کے صدرکے حالیہ دورے سے دونوں ممالک کے درمیان معیشت، اقتصادیات، تعلیم، میڈیا، سیاحت، ثقافت، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے نئے امکانات پیدا ہوں گے جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ایک آزاد، فعال اور متحرک میڈیااپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کررہا ہے۔

بیلاروس اور پاکستان کے میڈیا کے درمیان وفود کے تبادلہ سے ایک دوسرے کے عوام کو قریب آنے اورایک دوسرے کے ممالک کے بارے میں آگہی حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ بیلاروس کی وزیراطلاعات انانیش لیلیا نے کہاکہ بیلاروس کے صدر کی والدہ کے انتقال پر سارا ملک سوگوار ہے اور ہم حکومت پاکستان کے شکرگزار ہیں کہ بیلاروس کے صدر کے دورہ کی تاریخ میں توسیع کی گئی۔

انہوں نے پرتپاک میزبانی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور وزیراعظم کے معاون خصوصی کو جون میں بیلاروس میں منعقدہونے والے میڈیا فورم کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جس میں چوبیس ممالک سے مندوبین شرکت کریں گے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس مشترکہ چیلنج میں ہمیں مل کر چلنے کی ضرورت ہے۔

دنیا میں امن مشترکہ کوششوں سے ہی فروغ پاسکتا ہے۔ انانیش لیلیا نے کہاکہ بیلاروس پاکستان میں میڈیا، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ادب، ثقافت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے۔ بیلاروس میں نیشنل یونیورسٹی کے تحت سکول آف جرنل ازم قائم ہے جہاں ہم پاکستانی طالب علموں کو خوش آمدید کہیں گے ۔ انہوں نے وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر بھی زوردیا۔