وزیر اعظم نواز شریف سے وزیر اعلیٰ بلوچستان سمیت مختلف رہنماؤں کی ملاقات

حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے درکار فنڈز فراہم کر رہی ہے ٗنواز شریف کی گفتگو

بدھ 27 مئی 2015 21:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے بلوچستان سے متعلق امور کے جائزہ کیلئے بدھ کی سہ پہر یہاں وزیراعظم ہاؤس میں ایک اجلاس کی صدارت کی جس کے دوران صوبہ کی مجموعی سیاسی اور امن و امان کی صورتحال زیر غور آئی۔

(جاری ہے)

وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق، سینئر وزیر بلوچستان سردار ثناء اﷲ زہری، بلوچستان کے وزیر برائے ایکسائز و ٹیکسیشن جعفر خان مندوخیل، وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری ڈاکٹر آصف کرمانی اور چیف سیکرٹری ثناء اﷲ چٹھہ نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے درکار فنڈز فراہم کر رہی ہے اور صوبہ میں امن، سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور سے بڑا فائدہ اٹھائے گا جس سے صوبہ میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔