مرکزی حکومت چھوٹے صوبوں ،پختونوں بارے تبدیل کرے، سکندر شیر پاؤ

حکمرانوں کو پختونوں کیلئے سوچ میں تبدیلی لانا ہو گی،حکومت نے جو پالیسیاں اختیار کیں اس کے منفی اثرات مرتب ہونگے ، چیئرمین قومی وطن پارٹی خیبرپختونخوا

بدھ 27 مئی 2015 21:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کو چھوٹے صوبوں اور پختونوں کے بارے میں اپنارویہ تبدیل کرکے صحیح معنوں میں وفاق کا کردار ادا کرنا ہو گابصورت دیگر اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کے روزبخشو پلPK-08پشاور میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر قومی وطن پارٹی ضلع پشاور کے سینئر وائس چیئرمین حاجی محمد شفیع داؤدزئی اور دیگر نے خطاب کیا۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ حکمرانوں کو پختونوں کیلئے سوچ میں تبدیلی لانا ہو گی کیونکہ حکومت نے جو پالیسیاں اختیار کی اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے اور یہ وفاق کیلئے بھی نقصان دہ ہیں۔انھوں نے کہا کہ چھوٹے صوبے باالعموم اور پختون باالخصوص محرومیوں کا شکار ہیں اور دن بدن ان کی مایوسی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پاک چین کے مابین ہونے والے46ارب ڈالر کے معاہدوں کے دوران صوبائی حکومت نے صوبہ کے حصے کے تعین کیلئے کوئی کردارادا نہیں کیا اور یہی وجہ ہے کہ وفاقی حکومت نے بھی خیبر پختونخوا کی پسماندگی اور ابتر معاشی وسماجی اوراقتصادی صورتحال کی طرف کوئی توجہ نہیں دی۔انھوں نے کہا کہ صوبے کے مجموعی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے وفاقی حکومت کاشغر گوادر روٹ میں کسی قسم کی تبدیلی سے گریز کرے کیونکہ یہاں کے لوگ دہشت گردی اور نامساعد حالات کی وجہ سے گوں ناگوں معاشی وسماجی مسائل کا شکار ہے۔

انھوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ PSDPمیں خیبر پختونخوا کو بھر پور حصہ دیا جائے کیونکہ صوبہ پر ایک طرف آئی ڈی پیزکا مسئلہ ہے تو دوسری طرف دہشت گردی اور بد امنی کی وجہ سے صوبے کاپوراانفراسٹرکچر متاثر ہوچکا ہے۔ سکندر شیرپاؤ نے پی ٹی آئی حکومت کی دوغلی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ اورانصاف کے نعرے لگانے والوں نے بڑے بڑے پوسٹوں پر اپنے رشتہ داروں کوتعینات کرکے خود میرٹ کی دھجیاں اڑائی اور اقربا پروری کو پروان چڑھایا۔

انھوں نے وزیر اعلیٰ کی طرف سے126فیڈرز پربجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے حوالے متعلقہ فیڈرز کی نشاندہی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ہمارا صوبہ ضرورت سے زیادہ اور سستی بجلی پیدا کر رہا ہے لہٰذا صرف126فیڈرز پر نہیں پو رے صوبہ میں ظالمانہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کیاجائے۔قومی وطن پارٹی کے رہنماء نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن قریب آتے ہی صوبائی حکومت نے اشتہاری مہم شروع کردی جس پر قومی خزانے کی دولت کو بے دریغ لوٹا یا جا رہا ہے انھوں نے مزید کہاکہ اگر پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنے دوسالہ اقتدار میں عوام اور صوبہ کی صحیح معنوں میں خدمت کی ہوتی تو آج انھیں اس قسم کے حربوں کا سہارا نہ لینا پڑتا۔

انھوں نے کہا کہ یہ پیسہ عوام کی امانت ہے اور اسے صرف اور صرف عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنا چاہیے۔سکندرشیرپاؤ نے کہا کہ قومی وطن پارٹی صوبہ اور پختونوں کے حقوق کے حصول کیلئے ہر فورم پر جدوجہدکرے گی اور اس ضمن میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :