جرمن پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے اقتصادی تعاون و ترقی کے پانچ رکنی وفد کی وزیراعلی خیبرپختونخوا سے ملاقات

وفد کاخیبرپختونخوا کے بلدیاتی نظام کے تحت اختیارات کی لوکل کونسلوں کو منتقلی ،صوبے میں غریب ، متوسط طبقے کے حقوق کے تحفظ ،سرکاری نظام میں اصلاحات کے بارے صوبائی حکومت کو پیش آنیوالی مشکلات کے حل میں دلچسپی کا اظہار صوبے کے 80 فیصدنظام کو صحیح سمت میں گامزن کردیا ،جس سے متوسط طبقوں کو انصاف اور حقوق کی فراہمی ممکن ہوئی ،پرویزخٹک

بدھ 27 مئی 2015 20:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) جرمن پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے اقتصادی تعاون و ترقی کے پانچ رکنی وفد نے بدھ کے روز خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے ملاقات کی رکن جرمن پارلیمنٹ اور کمیٹی کے چیئرپرسن ڈگمار جی وورل کی سربراہی میں وفد نے وزیراعلیٰ کے ساتھ باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا وفد نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نظام کے تحت اختیارات کی لوکل کونسلوں کو منتقلی اور صوبے میں غریب اور متوسط طبقے کے حقوق کے تحفظ اور سرکاری نظام میں اصلاحات کے حوالے سے صوبائی حکومت کو پیش آنے والی مشکلات کے حل میں دلچسپی ظاہر کی جرمن وفد نے خیبرپختونخوا میں بیرونی ترقیاتی امداد کے استعمال اور بجلی کی پیداوار کے منصوبوں میں تعاون پر بھی تبادلہ خیالات کیا وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے وفد کو خیبرپختونخوا حکومت کی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی حکومت صوبے سے کرپشن کے خاتمے اور سرکاری محکموں کے نظام کو مستحکم بنانے کیلئے تبدیلی کے ایک نکاتی ایجنڈا کی تکمیل کیلئے کام کر رہی ہے اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک نئی سیاسی پارٹی ہے جسے خیبرپختونخوا میں بھاری مینڈیٹ دیا گیا ہے اور اس کے جوان پارلیمنٹرین صوبے میں تبدیلی کیلئے پر جوش اور پر عزم ہیں اُنہوں نے کہا کہ صوبے کے 80 فیصدنظام کو صحیح سمت میں گامزن کردیا گیا ہے جس سے غریب اور متوسط طبقوں کو انصاف اور حقوق کی فراہمی ممکن ہوئی اور کرپشن میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ہے اُنہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام کی صورت میں اختیارات کی حقیقی منتقلی کو ممکن بنا دیا گیا ہے اُنہوں نے وفد کو خیبرپختونخوا میں بجلی کی پیداوار کے منصوبوں میں محفوظ سرمایہ کاری کے امکانات سے بھی آگاہ کیا ۔