سرکاری زمینوں پر تجاوزات کے خاتمے کی مہم تیز کی جائے، شعیب احمد صدیقی

بدھ 27 مئی 2015 20:44

کراچی ۔ 27 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) حکومت نے سندھ میں سرکاری زمینوں پر تجاوزات کے خاتمے کی مہم کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سنیئر ممبر بورڈ آف ریوینو شعیب احمد صدیقی کی صدارت میں ان کے دفتر میں ایک اجلاس میں مہم کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مہم کو تیز کیا جائے گا اور مہم کو موٴثر بنانے کے لئے سندھ کی ضلعی انتظامیہ کو ذمہ داری سونپی جائے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اینٹی انکروچمنٹ ایکٹ کے تحت ڈپٹی کمشنرز ایکس آفیشیو ڈائریکٹر انکروچمنٹ کے فرائض بھی انجام دیں گے۔ اس سلسلے میں سندھ کے تمام ڈپٹی کمشنرز کی ایکس آفیشیو ڈائریکٹر انکروچمنٹ کے فرائض انجام دینے کے لئے تقرری کر دی گئی ہے تاکہ وہ سرکاری زمینوں پر تجاوزات کے خاتمے کے لئے نتیجہ خیز کارروائی کر سکیں۔

(جاری ہے)

اس طرح ڈپٹی کمشنرز اینٹی انکروچمنٹ فورس کے سربراہ بھی ہوں گے۔

شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ سرکاری زمینوں پر قبضہ حکومت کی رٹ کو چیلینج کرنے کے مترادف ہے، سندھ کے تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے ضلع میں سرکاری زمینوں پر قائم تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کریں گے اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کے لئے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اس ضمن میں خصو صی ہدایات جاری کی ہیں اور زور دیا ہے کہ سرکاری زمینوں پر قائم تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کیا جائے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی حیدرآبا د، لاڑکانہ اور سکھر سمیت مختلف شہروں میں ہزاروں ایکڑ سرکاری زمینوں پر تجاوزات قائم ہیں، اس سلسلے میں حکومت نے سندھ میں 6 خصوصی تھانے قائم ہیں، جو کارروائی کو موثر بنائیں گے، ان 6 تھانوں میں دو تھانے کراچی میں ایک سجاول، ایک حیدرآباد، ایک ٹھٹھہ اور ایک جامشورو میں کام کر رہے ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت کی روشنی میں تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں فوری اقدامات کریں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مہم میں کارروائی کے لئے اینٹی انکروچمنٹ فورس کی مدد سے کارروائی کی جائے گی۔