شرح سود میں ایک فیصد کمی عوام و صنعتکار دوست فیصلہ ہے

جس سے نئی صنعتوں کے قیام سے روزگار کے مواقع میسر آئینگے۔صدرگرائنڈنگ ملز ایسویسی ایشن

بدھ 27 مئی 2015 20:19

لاہور ۔27 مئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیرنے ا سٹیٹ بنک کی جانب سے شرح سود میں ایک فیصد کمی کو عوام و صنعتکار دوست فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شرح سود میں کمی سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور نئی صنعتوں کے قیام سے روزگار کے وافر مواقع دستیاب ہونگے۔بدھ کے روز یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کاروباری برادری کو کم شرح سود پر قرضوں کی ضرورت تھی ۔

انہوں نے کہا کہ مارک اپ کی شرح میں کمی سے معاشی مسائل میں کمی ہوگی۔

(جاری ہے)

افتخار بشیر نے کہا کہ شرح سود میں کمی سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا،نئی صنعتوں کے قیام اور کاروبار کو وسعت دینے کیلئے مناسب ریٹ پر قرضوں کی وافرفراہمی سے ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔انہوں نے حکومت کی جانب سے صنعتی شعبہ کو مسلسل بجلی کی فراہمی کے فیصلہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ صنعتی شعبہ کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دینے سے نہ صرف صنعتی پہیہ متحرک ہو گا بلکہ حکومت کے صنعتی ترقی کے ویژن کی بھی مکمل عکاسی ہو گی نیز پاکستان کو صنعتی لحاظ سے ایشیاء کا ٹائیگر بنانے کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہوگا اور اس کے ساتھ ساتھ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری آئے گی۔