ہسپتالوں میں ماہرین نفسیات کی تعداد میں اضافہ کریں گے، خواجہ سلمان رفیق

بدھ 27 مئی 2015 20:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ہسپتالوں میں ذہنی صحت سے متعلق مسائل کا سامنا کرنے والے مریضوں کی کونسلنگ کے لئے ماہرین نفسیات کی تعداد بہت کم ہے اس میں اضافہ کریں گے۔ وہ پاکستان سائیکالوجی ایسوسی ایشن، پنجاب یونیورسٹی ادارہ اطلاقی نفسیات، سنٹر فار کلینیکل سائیکالوجی اور پاکستان ایسوسی ایشن آف کلینکل سائیکالوجسٹس کے زیر اہتمام ذہنی صحت کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران، ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ کوثر، سینئر صحافی زاہد چوہدری،جنرل سیکرٹری پی پی اے بلال صوفی، سینئر اساتذہ، اراکین اور طلباء وطالبات نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں عوام کو ذہنی مسائل درپیش ہیں مگر ان سے آگاہی نہیں رکھتے اور نہ ہی اس مضمون پر ذیادہ توجہ دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف سانحوں میں شکار متاثرین کی مدد کے لئے حکومت پنجاب کی جانب سے ماہرین نفسیات کی ٹیمیں بھیجی جاتی ہیں تاکہ متاثرین کی ذہنی صحت کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے افراد کی ذہنی صحت کو بہتر بنانے اور اس سلسلے میں پالیسی سازی کے لئے حکومت کو اساتذہ کی رہنمائی کی ضرورت ہے تاکہ تحصیل کی سطح اور چھوٹے علاقوں تک اس کا دائرہ کار بڑھایا جا سکے۔

وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ جو قومیں دنیا پر اپنا تسلط قائم کرنا چاہتی ہے وہ نفسیات کے علم کا استعمال کرتی ہے اور لوگوں کے ذہنوں کو مخصوص راستے پر ڈالتی ہیں۔ سینئر صحافی زاہد چوہدری نے کہا کہ نصاب میں ذہنی صحت کو مکمل نظر انداز کیا گیا ہے اور میڈیا بھی ذہنی صحت کے مسائل پر توجہ نہیں دے رہا۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں اور کالجوں کی سطح پر کلینیکل سائیکالوجی کے مضمون کو متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔

اپنے افتتاحی خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ کوثر نے فوری نفسیاتی امداد کے سنٹر اور مینٹل ہیلتھ کے بل میں سائیکالوجسٹس کی شمولیت پر زور دیا اور ذہنی مریضوں کے لواحقین کو انکی تیمارداری کے لئے خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ادارہ اطلاقی نفسیات اور سنٹر فارکلینکل سائیکالوجی کے طالبعلموں نے ذہنی صحت کے حوالے سے شاعری اور ڈاکیومینٹریز پیش کیں۔

ڈاکٹر الطاف قادر، ڈاکٹر تنویر نصر، مسز رخسانہ شاہ، مسٹر زاہد چودھری، ڈاکٹر طاہرہ جبین، مس سعدیہ شاہ زیب، مس عروج شریف نے پینل ڈسکشن میں حصہ لیا۔ تقریب کے اختتام پر جنرل سیکرٹری پاکستان ایسوسی ایشن فار کلینکل سائیکالوجسٹس کی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر صائمہ داود نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور مہمانوں میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔