صوبائی حکومت نے آئندہ بجٹ میں صنعتی شعبے میں امپورٹ اور ایکسپورٹ پر ٹیکس عائد کرنے کا منصوبہ بنا لیا ،الیاس بلور کا انکشاف

بدھ 27 مئی 2015 19:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹ آف پاکستان میں پارلیمانی لیڈر اور بزنس مین فورم کے لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور نے انکشاف کیا ہے کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے 8 جون 2015ء کو پیش کئے جانیوالے آئندہ صوبائی بجٹ میں صوبے میں انڈسٹریل سیکٹر میں امپورٹ اور ایکسپورٹ پر ٹیکس عائد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی ۔

آئندہ صوبائی بجٹ کے حوالے سے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ملک کے ممتاز صنعتکار سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کی وجہ سے پہلے ہی صنعتی و تجارتی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں اُس پر عوام کی خدمت اور تبدیلی کا نعرہ لگانے والی صوبائی حکومت پہلے سے ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبی صوبائی معیشت کو تباہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ ہم نے خیبر پختونخوا چیمبر کے پلیٹ فارم سے سابق وفاقی حکومت سے صوبے کے لئے مالیاتی پیکیج حاصل کیا اور اب امن و امان کی ابتر صورتحال کی وجہ سے ہم نے موجودہ وفاقی حکومت سے صوبے کیلئے ایک نئے مالیاتی ریلیف پیکیج کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت پختونخوا کے عوام سے تبدیلی کے نام پر لئے گئے ووٹوں کا بدلہ لینا چاہتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کا بل قومی اسمبلی سے پاس کرکے پہلے ہی خیبر پختونخوا کی انڈسٹری کو مفلوج کردیا ہے اور صوبائی حکومت کی اس معاملے پر خاموشی حیران کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں اٹھانا چاہئے او روفاقی حکومت پر زور دینا چاہئے کہ صوبہ خیبر پختونخوا گیس کی پیداوار میں سرپلس ہے اور دوسرے صوبوں کو گیس ایکسپورٹ کر رہا ہے لہٰذا اس صوبے میں جی آئی ڈی سی کا نفاذ کسی صورت قبول نہ کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں پہلے ہی 25 سے 30 فیصد انڈسٹری بمشکل چل رہی ہے جس سے بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن صوبائی حکومت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرنے والے صنعتی اور کمرشل سیکٹر کیلئے کچھ نہیں کر رہی اور صرف تبدیلی کے نام پر پختونخوا کے غیور عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے ۔ سینیٹر الیاس احمد بلور نے واضح کیا کہ اگر صوبائی حکومت نے امپورٹ اور ایکسپورٹ کے شعبے سمیت کوئی نیا ٹیکس عائد کیا تو صوبے کے صنعتکار اور تاجر زبردست احتجاج کریں گے اور کسی ناجائز ٹیکس کو برداشت نہیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :