حرمین شریفین ہماراروحانی مرکزاورہماری عقیدتوں کامحور،اہل سعودیہ کوتنہا نہیں چھوڑیں گے،مولانا غلام مصطفی

اب بھی مسلمان حکمرانوں نے آپس میں سرنہ جوڑے توان کااقتداراورتخت وتاج کوڑے کاڈھیربن جائے گا ، مرکزی رہنما عالم مجلس تحفظ ختم نبوت

بدھ 27 مئی 2015 19:23

چنیوٹ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء ) عالم مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما حضرت مولانا غلام مصطفی نے مسلم کالونی چناب نگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین ہماراروحانی مرکزاورہماری عقیدتوں کامحورہے۔اہل سعودیہ کوتنہا نہیں چھوڑیں گے،ان کادشمن ہمارادشمن ہے۔ خود کش حملے کے باوجود پاکستان سمیت مسلمان ملکوں میں سناٹا شرمناک ہے،سعودیہ سے اظہاریکجہتی جبکہ اسلام دشمن عناصر کومرعوب کرنے کیلئے بھرپوراحتجاج کیا جائے۔

اس خودکش حملے کے ڈانڈے شیطانی تکون سے جاملتے ہیں،اگراب بھی مسلمان حکمرانوں نے آپس میں سرنہ جوڑے توان کااقتداراورتخت وتاج کوڑے کاڈھیربن جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ خودکش حملے کے ماسٹرمائنڈ کوکیفرکردارتک پہنچایاجائے۔

(جاری ہے)

سعودیہ کی جامعہ مسجدپرخود کش حملے کواسلام پرحملے سے تعبیر کیا جائے۔اسلام دشمن قوتوں کے اہداف اورا ن کاایجنڈاکسی سے پوشیدہ نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 21 بیگناہ نمازیوں کی شہادت کااندوہناک سانحہ فراموش نہیں کیا جاسکتا۔خود کش حملے کیلئے استعمال ہونیوالے گمراہ قاتل کو توحرام موت مل گئی اب اسے بجھوانے والے نقاب پوش عناصر کے انجام کی باری ہے۔ انہوں نے کہا کہ باری باری مختلف اسلامی ملکوں میں بیگناہ مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے درندوں کااسلام اورانسانیت سے کوئی تعلق نہیں ہے ،انہیں کافروں کے ہاں تلاش کرناہوگا ۔ چودہ سوسال بعدبھی اسلام دشمن قوتوں کی متعصبانہ اورعاقبت نااندیشانہ سوچ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔