پاکستان اور جرمن اراکین پارلیمنٹ کا پارلیمانی رابطوں کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق

پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے ، جرمنی نے ہمیشہ اہم عالمی اور علاقائی فورمز پر پاکستان کی حمایت کی، جرمنی کے اراکین پارلیمنٹ کادورہ پاکستان خوش آئندہے ،اس سے دو طرفہ خوشگوار تعلقات مزید مستحکم ہونگے،اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی جرمن ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 27 مئی 2015 19:05

اسلا م آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء ) اسپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق اور جرمن پارلیمنٹ کے اراکین نے پارلیمانی رابطوں میں فروغ کے ذریعے پاکستان اور جرمنی کے مابین تعلقات کو مزیدوسعت دینے سے اتفاق کیا ہے ۔یہ اتفاق بدھ کوجرمن پارلیمنٹ بنڈسٹیگ کی نائب صدر کلاڈیا روتھ کی سر براہی میں جرمن خواتین اراکین پارلیمنٹ کے وفد اور اسپیکر قومی اسمبلی کے مابین بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی ایک ملاقات میں کیاگیا۔

ملاقات میں جرمن اراکین پارلیمنٹ کے علاوہ پاکستان کی قومی اسمبلی کے اراکین بھی شامل تھے۔ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی ۔دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ نے عوامی اور پارلیمانی رابطوں میں فروغ کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے سے اتفاق کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔

اور پارلیمانی اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ جرمنی نے ہمیشہ اہم عالمی اور علاقائی فورمز پر پاکستان کی حمایت کی ہے اور ضرورت کے ہر وقت میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے۔ انہوں نے جرمنی کے اراکین پارلیمنٹ کے دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیاکہ ان کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان پائے جانے والے خوشگوار تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے مابین جاری سیاسی و اقتصادی سر گرمیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی معاشی وسماجی ترقی میں جرمنی کے تعاون کو سراہا ۔اسپیکرنے وفد کو موجودہ پارلیمنٹ کے تنظیمی ڈھانچے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ ترقی پسند سیاسی قوتوں پر مشتمل ہے اور پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتیں قومی اہمیت کے حامل ایشوز اور عوامی فلا ح وبہبود کے لیے متحد ہیں ۔

انہوں نے خطے میں امن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن پر یقین رکھتا ہیں اور اپنے ہمسایہ ممالک سے خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں تمام تصفیہ مسائل کو پر امن طو ر پر مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہش رکھتاہے ۔انہوں نے جرمن اراکین پارلیمنٹ کو پاکستان کی قومی اسمبلی میں اراکین پارلیمنٹ اور معاون عملہ کی استعداد کار میں اضافے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا ۔

کلاڈیاروتھ نائب صدر جرمن پارلیمنٹ بنڈیسٹیگ نے اسپیکر سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کے مابین رابطوں میں فروغ کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے ۔انہوں نے دہشت گردی اورعسکریت پسندی کے خلاف پاکستانی قوم کے عزم اور ثابت قدمی کو سر اہا۔انہوں نے جرمن پارلیمنٹ کی طرف سے پاکستان کی قومی اسمبلی کے ساتھ تعاون کو بڑھانے کے لیے ایک عملی سطح پر کردار ادا کرنے کا یقین دلایا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے پارلیمانوں میں تعلقات کو مستحکم بنانے میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی کاوشوں کو سر اہا ۔دیگر اراکین نے بھی دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو مزید فر وغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کے حالیہ دورہ پاکستان نے انہیں پر امن اور خوشحال پاکستان کو قریب سے دیکھنے کا موقع فراہم کیا ہے ۔