Live Updates

آصف زرداری اور نواز شریف سونامی سے ڈر کر اکٹھے ہوئے ہیں ‘ کپتان سب کو شکست دے گا‘ اے این پی نے ایزی لوڈ کی خاطر 5 سال تک بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے ‘ ان کو معلوم تھا بلدیاتی انتخابات ہوئے تو اختیارات ہاتھ سے نکل جائیں گے ‘ ہم پہلی بار ایسا بلدیاتی نظام لا رہے ہیں ،اس میں 45 ہزار نمائندے منتخب ہوں گے۔ اختیارات گاؤں کی سطح پر جائیں گے ‘ خیبر پختونخوا پولیس لوگوں کی حفاظت اور پنجاب کے گلو لوگوں کو مارتے ہیں نیا پاکستان خیبر پختونخوا سے شروع ہو گا ، ہمارا حکومت کرنے کا پہلا تجربہ ہے ‘ معذرت چاہتا ہوں نوکریاں دینے میں دیر ہوئی

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا مردان میں جلسہ عام سے خطاب

بدھ 27 مئی 2015 19:00

آصف زرداری اور نواز شریف سونامی سے ڈر کر اکٹھے ہوئے ہیں ‘ کپتان سب کو ..

مردان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف سونامی سے ڈر کر اکٹھے ہوئے ہیں ‘ کپتان سب کو شکست دے گا ‘ عوامی نیشنل پارٹی نے ایزی لوڈ کی خاطر 5 سال تک بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے ‘ انہیں معلوم تھا کہ بلدیاتی انتخابات ہوئے تو اختیارات ہاتھ سے نکل جائیں گے ‘ ہم پہلی بار ایسا بلدیاتی نظام لا رہے ہیں جس میں 45 ہزار نمائندے منتخب ہوں گے۔

اختیارات گاؤں کی سطح پر جائیں گے ‘ مجھے فخر ہے کہ خیبر پختونخواہ کی پولیس مثالی بن گئی ہے ‘ خیبر پختونخواہ کی پولیس لوگوں کی حفاظت اور پنجاب کے گلو لوگوں کو مارتے ہیں ‘ کے پی کے کا احتساب سیل اب کسی کو نہیں چھوڑے گا ‘ نیا پاکستان خیبر پختونخوا سے شروع ہو گاہمارا حکومت کرنے کا پہلا تجربہ ہے ‘ معذرت چاہتا ہوں نوکریاں دینے میں دیر ہوئی ‘ مردان کے فیصلے اب پشاور میں نہیں مردان میں ہوں گے ۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو مردان میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا شکر گزار ہوں جس نے یہاں پر جلسے کی اجازت دی اور شاندار استقبال پر مردان کے نوجوانوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اے این پی کے ایک رکن نے کہا تھا کہ مردان میں سونامی کہاں ہے میں اب انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ آؤ دیکھو یہ ہے سونامی ۔ اسفند یار ولی خان سونامی ختم نہیں ابھی شروع ہوئی ہے ‘ انہوں نے کہا کہ اے این پی سے پوچھتا ہوں کہ 5 سال تک بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں کرائے۔

اب ہم یہاں پر جلسہ ایزی لوڈ کے لئے نہیں کر رہے بلکہ ایسا بلدیاتی نظام لا رہے ہیں جو پہلے کبھی نہیں کسی نے لایا۔ اس سے مردان کے فیصلے مردان میں ہوں گے پشاو رمیں نہیں گاؤں دیہات کے لوگ اپنی قسمت کا فیصلہ خود کریں گے۔ خیبر پختونخواہ کا بلدیاتی نظام میں ترقیاتی فنڈز گاؤں کے لوگوں کے پاس آئیں گے۔ آزادی کا مطلب ہی اپنے فیصلے خود کرنا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ بلدیاتی نظام میں 45 ہزار منتخب نمائندے آئیں گے یہ بلدیاتی نظام میں نے خود بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی تبدیلی ہو گی کہ پرائمری سکول گاؤں کے ہسپتال پولیس سب کچھ منتخب نمائندوں کے نیچے ہوں گے اور یہ فیصلہ کریں گے کہ کام ٹھیک ہو رہا ہے یا نہیں پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے بعد عوام آزاد نہیں ہیں وہاں کی پولیس شریفوں کی غلامی کر رہی ہے اس لئے وہاں پولیس من مانی کرتی ہے اور لوگوں کی حفاظت کی بجائے انہیں مارتی ہے۔

ہم تو پولیس کو ڈسٹرکٹ کی سطح پر لے کر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب 60 فیصد آبادی کے صوبے میں 35 ہزار بلدیاتی نمائندے منتخب ہوں گے خیبر پختونخواہ کی پولیس لوگوں کی حفاظت اور پنجاب کے گلو لوگوں کو مارتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ میاں صاحب صرف میٹرو اور پل بنانے سے تبدیلی نہیں آتی پنجاب میں پٹواریوں کا نظام بھی بہتر نہیں ہوا۔ سونامی کے ڈر سے جمہوریت کے نام پر آصف علی زرداری اور نوا زشریف اکٹھے ہو گئے ہیں۔

آپ کا کپتان آپ سے مل کر ان دونوں کو شکست دے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں ہر گزرتے مہینے کے ساتھ ہسپتالوں کی حالت بہتر ہو رہی ہے۔ اب عمران خان ایزی لوڈ کی خاطر بلدیاتی الیکشن نہ کرانے والوں اور نوکریاں بیچنے والوں کو کبھی نہیں چھوڑے گا ہر کام انصاف پر ہو گا۔ عمران خان نے کہا کہ میاں صاحب آپ گورنر ہاؤس سے باہر نکل کر دیکھیں آپ کو خیبر پختونخواہ میں تبدیلی نظر آئے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات