پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام آل پاکستان تقریری مقابلے، ایف سی کالج نے ٹیم ٹرافی جیت لی

بدھ 27 مئی 2015 18:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء ) پنجاب یونیورسٹی شعبہ امور طلباء کے زیر اہتمام پنجاب یونیورسٹی میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والے آل پاکستان دو لسانی تقریری مقابلوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایف سی کالج کے ہونہار طلباء نے ٹیم ٹرافی اپنے نام کر لی۔ اس سلسلے میں پنجاب یونیورسٹی فیصل آڈیٹوریم میں تقریب تقسیم ِ انعامات منعقد کی گئی جس میں میں وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران ، سابق اولمپن منظور جونیئر،ڈین فیکلٹی آف اکنامکس اینڈ مینجمنٹ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد احسان ملک، ڈائریکٹر شعبہ امور طلبہ شاہد محمود گل،ڈائریکٹر اداراہ تعلیم و تحقیق ڈاکٹر ممتاز اختر، ڈپٹی ڈائریکٹرزبیر اکرم، ڈاکٹر فیصل کمال حیدری، ، فیکلٹی ممبران اور طلباؤ طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایونٹ میں ملک بھر کی چالیس سے زائد یونیورسٹیوں نے حصہ لیاجس میں انگریزی و اردو تقریری مقابلوں میں ایف سی کالج کے جدون اسلم اور فاسٹ یونیورسٹی فیصل آباد کے حسان رشید نے بالترتیب پہلی پوزیشنز حاصل کیں۔دوسری پوزیشنز انگریزی و اردو تقریری مقابلوں میں بالتر تیب جی سی کالج یونیورسٹی کے احمد چوہدری اور ایف سی کالج کے سلمان افضل نے حاصل کی۔

اسی طرح تیسری پوزیشنز انگریزی و اردو تقری مقابلوں میں بالترتیب کامسیٹس یونیورسٹی لاہور کے شاہ جہاں اور جی سی کالج یونیورسٹی لاہور کے عباس رضا بخاری کے نام رہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ ہے قحط ، وبائیں،تشدد، بے چینی اور بھوک بے علم قوم کا مقدر بنتی ہیں اگر اس بات کا ادراک اعلیٰ ترین سطح پر ہوجائے تو کوئی طاقت ملک کو ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی۔ انہوں نے بہترین تقریب کے انعقاد پر ڈائریکٹر شعبہ امور طلبہ شاہد محمود گل اور ان کی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہ ایسی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رہنی چاہیے ۔