منصوبوں میں عوامی رائے شامل نہ ہو تو نظام کامیاب نہیں ہو سکتا‘ ڈاکٹر مجاہد کامران

ینگ ڈویلپمنٹ کور کا قیام نوجوانوں کے لئے بہترین پلیٹ فارم ہے‘وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی

بدھ 27 مئی 2015 18:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء ) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا ہے کہ منصوبوں میں عوامی رائے شامل نہ ہو، نظام کامیاب نہیں ہو سکتا، پاکستان وژن 2025 کے تحت یونیورسٹیوں میں قائم ہونے والے ینگ ڈویلپمنٹ کور سے نوجوانوں کی رائے پاکستان کو مضبوط بنانے والے ترقیاتی منصوبوں میں شامل ہوگی ، وہ پنجاب یونیورسٹی اور پلاننگ کمیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان وژن2025 کے تحت یونیورسٹیوں میں قائم کئے جانے والی ینگ ڈویلپمنٹ کور کی پنجاب یونیورسٹی میں لانچنگ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں وفاقی وزارت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی جانب سے ینگ ڈویلپمنٹ کور کے کوآرڈینیٹر احمد بٹ،رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی، ایڈوائزر ٹو وائس چانسلر و صدر پاکستان نیشنل فورم کرنل ریٹائرڈ اکرام اﷲ خان، کنٹرولر امتحانات و ڈائریکٹر سنٹر فار کول ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر، ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف کیمیکل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عامر اعجاز، سینئر فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ ینگ ڈویلپمنٹ کور ایک دلچسپ تجربہ ثابت ہو گا جس میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات ملک میں مثبت تبدیلیاں لانے کے لئے اپنا کردار ادا کر سکیں گے اور یہ نوجوانوں کے لئے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین پلیٹ فارم ثابت ہو گا۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کی ایکنک سے منظوری دلوانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے پر وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر ینگ ڈویلپمنٹ کور پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وائے ڈی سی کے قیام کا مقصد پلاننگ کمیشن اور یونیورسٹیوں کے نوجوان طلباء و طالبات ملک کی مربوط سماجی و معاشی ترقی اور پالیسی سازی میں اپنا کردار ادا کر سکیں اور مختلف منصوبوں میں ان کی ذہنی و جسمانی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا یا جا سکے اور فیڈ بیک سسٹم بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وائی ڈی سی کے ذریعے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور پالیسیوں کے بارے میں یونیورسٹیوں میں آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی اور ینگ ڈویلپمنٹ فیلوشپ کے تحت انٹرن شپ پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔ تقریب کے اختتام پر کرنل اکرام اﷲ خان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :