جعلی ڈگری کیس، شعیب شیخ سمیت 5ملزمان کو 7جون تک جسمانی ریمانڈ پرایف آئی اے کے حوالے کردیاگیا

بدھ 27 مئی 2015 18:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) عدالت نے جعلی ڈگری اسکینڈل میں ایگزیکٹ کے چیف ایگزیکٹو شعیب شیخ سمیت 5 ملزمان کو 7 جون تک جسمانی ریمانڈ پرایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ ایف آئی اے نے ایگزیکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شعیب شیخ اور چیف آپریٹنگ آفیسر وقاص عتیق سمیت 5 ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ کراچی جنوبی نور محمد کلمتی کی عدالت میں پیش کیا، عدالت کے روبرو کیس کے تفتیشی افسر سعید میمن نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کی نشاندہی پر ٹنوں کے حساب سے جعلی ڈگریاں برآمد ہوئی ہیں، ملزمان سے مزید تفتیش کی ضرورت ہے اس لئے ملزمان کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کیا جائے۔

سماعت کے دوران عدالت نے ملزمان سے استفسار کیا کہ کیا انہیں ایف آئی اے حکام کی جانب سے کسی قسم کے تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس کی ملزمان نے نفی کی، اس موقع پر شعیب شیخ نے کہا کہ گزشتہ 3 روز سے انہیں ہراساں کیا جارہا ہے ، انہیں سونے نہیں دیا گیا اس کے علاوہ انہیں ادویات بھی استعمال کرنے نہیں دی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

فاضل جج نے فریقین کا موقف سننے کے بعد شعیب شیخ سمیت پانچوں ملزمان کو 7 جون تک ایف آئی اے حکام کے حوالے کردیا۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے نے گزشتہ رات ایگزیکٹ کے دفتر سے متصل ایک عمارت پر چھاپہ مار کر لاکھوں جعلی ڈگریاں، اسٹوڈنٹس کارڈز اور ڈی وی ڈیز برآمد کی تھیں جس کے بعد ایف آئی اے حکام نے شعیب شیخ سمیت ایگزیکٹ کے دیگر ڈائریکٹرز کو حراست میں لے کر ان کے خلاف جعلسازی، دھوکا دہی اور فراڈ کا مقدمہ درج کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :