Live Updates

خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخاب نہیں بلکہ بلدیاتی انقلاب لے کر آرہےہیں: سربراہ تحریک انصاف عمران خان

muhammad ali محمد علی بدھ 27 مئی 2015 18:52

نوشہرہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 مئی 2015 ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخاب نہیں بلکہ بلدیاتی انقلاب لے کر آرہےہیں۔ تفصیلات کے مطابق نوشہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ میں مثالی بلدیاتی نظام لے کر آ رہے ہیں جو کہ بلدیاتی انتخاب نہیں بلکہ بلدیاتی انقلاب ہو گا۔

پوارا ملک خیبر پختونخواہ کا بلدیاتی نظام کاپی کرے گا۔ بلدیاتی انتخابات کے ذریعے خیبر پختونخواہ میں 45 ہزار نمائندے منتخب کیے جائیں گے۔ خیبر پختونخواہ کی آبادی ملک کا صرف 13 فیصد ہے لیکن یہاں عوامی نمائندوں کی تعداد 45 ہزار ہوگی لیکن پنجاب جس کی آبادی ملک کی 60 فیصد ہے وہاں صرف 35 ہزار عوامی نمائندے ہوں گے۔

(جاری ہے)

آزادی کا مطلب یہ ہے کہ لوگ اپنے فیصلے خود کریں۔

بلدیاتی انتخابات کے بعد کسی بھی ضلع کے فیصلے پشاور میں کیے جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ عمران خان نے اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ یاد رکھیں کہ سونامی ختم نہیں ہوئی بلکہ ابھی شروع ہوئی ہے۔ پولیس کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی عوام کو پولیس سے تحفظ کی بجائےخطرہ ہے۔ پنجاب میں پولیس کو گلو پولیس بنا دیا گیاہے جو صرف شریف خاندان کی غلامی کرتی ہے۔

لیکن دوسری جانب خیبر پختونخواہ کی پولیس کو پورے ملک کیلئے مثالی پولیس بنا دیا گیا ہے۔ کے پی کے کی پولیس نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ میں نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا چاہتے ہیں اور صوبے میں صحت اور تعلیم کے شعبہ میں بہتری کیلئے مسلسل کوشش کررہے ہیں۔ خیبر پختونخواہ میں نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات