اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پیمرا چوہدری رشید کی بحالی کے فیصلے کو معطل کرنے کی وفاق کی درخواست مسترد کر دی

بدھ 27 مئی 2015 18:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پیمرا چوہدری رشید احمد کی بحالی کے فیصلے کو معطل کرنے کے حوالے سے وفاق کی درخواست مسترد کر دی ۔ بدھ کو عدالت عالیہ کے جسٹس نور الحق این قریشی نے سماعت کی تو چوہدری رشید احمد کے وکیل ادریس اشرف ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ان کے سینئر وکیل وسیم سجاد وکلاء ہڑتال کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے ، اس سلسلے میں انہوں نے صدر بار سے بھی رابطہ کیا لیکن دوسری طرف سے جواب آیا کہ ہڑتال کی وجہ سے پیش نہ ہوں۔

جسٹس نور الحق این قریشی نے ادریس اشرف سے کہا کہ موجودہ صورتحال سے عدالت کو آگاہ کیا جائے۔ ادریس اشرف ایڈووکیٹ نے فاضل جج کو بتایا کہ عدالتی فیصلے کے بعد چوہدری رشید احمد نے بطور چیئرمین پیمرا چارج سنبھال لیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل افنان کریم کنڈی نے کہا کہ چوہدری رشید احمد کی بحالی کا فیصلہ حقائق کے منافی ہے ، انہوں نے بطور سیکرٹری اطلاعات اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے چیئرمین پیمرا تعیناتی کے لئے اپنے نام کی خود سفارش کی لیکن میں اس بحث میں نہیں پڑناچاہتا ۔

یہ بات بہت عجیب ہے کہ تحریری فیصلے کے بغیر ہی چوہدری رشید احمد نے چیئرمین پیمرا کا چارج سنبھال لیا جبکہ حکومت نے ابھی نوٹیفیکیشن بھی نہیں کیا۔ اس پر جسٹس نور الحق این قریشی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کے لئے حکومت کو نوٹیفیکیشن کی ضرورت نہیں ، چوہدری رشید احمد نے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کے لئے نہیں بلکہ عہدے پر بحالی کی درخواست دائر کی تھی جو منظور کی گئی ، جب فیصلے پر عملدرآمد کے لئے درخواست نہیں تو فیصلے کو معطل کرنے کی درخواست کیسے سن سکتے ہیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ وفاق عدالتی فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کرنے کی تیاری کر رہا ہے لہٰذا صرف اس وقت تک فیصلے کو معطل کیا جائے تاہم عدالت نے وفاق کی متفرق درخواست مسترد کر دی۔

متعلقہ عنوان :