پرنٹنگ کارپوریشن نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل مکمل کرلیا، 7 مختلف رنگوں میں 22لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ، ایک کروڑ 31لاکھ ووٹرز30 مئی کو بلدیاتی انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے

بدھ 27 مئی 2015 18:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) الیکشن کمیشن کی ہدایت پر پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان (پی سی پی ) نے صوبہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل مکمل کرلیا، 7 مختلف رنگوں میں 22لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں، ایک کروڑ 31لاکھ ووٹرز30 مئی کو بلدیاتی انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

بدھ کو الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق پی سی پی نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کیلئے مطلوبہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل مکمل کرلیا جبکہ بیلٹ پیپرز کی کے پی کے مختلف اضلاع میں ترسیل کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور ترسیل انتخابی قواعد کے تحت فوج کی نگرانی میں کرائی جا رہی ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق 405 ریٹرننگ افسران تک بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام ایک دو روز میں مکمل کرلیا جائے گا۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے مطابق جنرل نشست کیلئے سفید، خواتین کیلئے گلابی، نوجوانوں کیلئے پیلا،مزدور و کسان کیلئے ہلکا سبز رنگ کے بیلٹ پیپر چھاپے گئے ہیں جبکہ اقلیتوں کیلئے بھورے رنگ کا بیلٹ پیپرز چھاپا گیا ہے، ضلع کونسل کی رکنیت کیلئے نارنجی ، تحصیل اور ٹاؤن رکنیت کیلئے سرمئی رنگ کے بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹرز اپنے ووٹ اور پولنگ اسٹیشنز کی معلومات 8300 پر اپنا شناختی کارڈ بھیج کر حاصل کر سکتے ہیں۔