عوام کو خوشحالی اور ریلیف دینے کے نعرے حکمرانوں کے اپنے بوجھ تلے دفن ہو گئے ہیں ‘ جمشید اقبال چیمہ

حکومت کے زیر سایہ پروان چڑھنے والے مڈل مین نے کسانوں سے گندم اونے پونے داموں خرید کر لی ہے

بدھ 27 مئی 2015 18:24

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء )پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ عوام کو خوشحالی اور ریلیف دینے کے نعرے حکمرانوں کے اپنے بوجھ تلے دفن ہو گئے ہیں ،کپاس ‘ آلو اور چاول کے بعد گندم کے کاشتکار کو بھی اسکی فصل کا پورا معاوضہ نہیں مل سکا اور حکومت کے زیر سایہ پروان چڑھنے والے مڈل مین نے کسانوں سے اسکی فصل اونے پونے داموں خرید کر لی ہے ۔

گزشتہ روز کسانوں کے نمائندہ ایک وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ ٹیکسوں کی بھرمار کرنے کے باوجود حکومت نے عوام کو بے آسرا چھوڑ دیا ہے ،آج ہر طبقہ جھولیاں اٹھا اٹھا کر ہ حکمرانوں سے نجات کی دعائیں مانگ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے اپنے انتخابی منشور میں عوام کو خوشحالی اور ریلیف دینے کے نعرے لگائے تھے لیکن بد قسمتی سے اقتدار میں آنے کے بعد انکی ساری توجہ صرف اپنی خوشحالی اور ریلیف پر مرکوز ہے اور غریب کا کوئی پرسان حال نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کے اندر پکنے والا لاوا کسی وقت بھی پھٹ کر باہر آ سکتا ہے اور پھر حکمرانوں کو انکے ایوانوں میں بھی پناہ نہیں ملے گی ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت نے 40لاکھ میٹرک ٹن گندم خریداری کے اعلانات کر کے کے کسانوں کی آنکھوں میں دھول جھونکی ہے کیونکہ حکومت کے گندم خریداری کیلئے مطلوبہ رقم اور نہ ہی نئی فصل ذخیرہ کرنے کے کوئی انتظامات تھے ۔