وزیر اعظم محمد نواز شریف سے چوہدری عبدالمجیدکی ملاقات

مالیاتی ایشوز، تعمیر و ترقی ،اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کے معاملہ پر تبادلہ خیال کیا گیا

بدھ 27 مئی 2015 18:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف سے وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے ملاقات کی بدھ کے روز یہاں ایوان وزیر اعظم میں انتہائی خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات میں آزاد کشمیر کے مالیاتی ایشوز، تعمیر و ترقی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کے معاملہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے وزیراعظم پاکستان کو آزادکشمیر میں بھرپور ترقیاتی عمل کو جاری رکھنے کے لیے مالی سال 2015-16کے بجٹ میں مالی ضروریات سے آگاہ کیا تاکہ آئندہ بجٹ میں مزید نئی ترقیاتی سکیموں کو شامل کر کے آزادخطہ کو ترقی وخوشحالی کے راستہ پر گامزن رکھا جاسکے۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجیدنے وزیراعظم پاکستان کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا اس موقع پر وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے آزادکشمیر کے مالیاتی ایشوز کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے سے اتفاق کیا اور کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ آزادکشمیر میں بھی ملک کے دیگر علاقوں کی طرح تعمیر وترقی کا بھرپور عمل جاری رہے وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ وہ جلد ہی آزادکشمیر کا تفصیلی دورہ بھی کریں گے ۔