سیاسی و عسکری قیادت کا دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے تمام توانائیاں بروئے کار لانے دہشتگردوں کے خاتمے تک آپریشنز جاری رکھنے پر اتفاق

قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے اور حکومت رٹ قائم کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں، وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں عزم

بدھ 27 مئی 2015 18:20

سیاسی و عسکری قیادت کا دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے تمام توانائیاں ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) ملک کی سیاسی و عسکری قیادت نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے تمام توانائیاں بروئے کار لانے اور پاک سر زمین سے دہشتگردوں کے خاتمے تک آپریشنز جاری رکھنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے اور حکومت رٹ قائم کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔ بدھ کو وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں جس میں قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی جنرل رضوان اختر اور دیگر سول و فوجی عہدیدار شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران آپریشن ضرب عضب اوراور آپریشن کی وجہ سے بے گھر ہونیوالے افراد کے معاملات زیر غور آئے ۔اجلاس میں قومی ایکشن پلان کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور ملک میں سیکیورٹی کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لئے قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے اتفاق کیا گیا۔

اجلاس کے دوران ملک میں غیر ملکی ایجنسیوں کی موجودگی اور ان کی نقل و حرکت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں آپریشن ضرب عضب کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔ سیاسی و عسکری قیادت نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے تمام توانائیاں بروئے کار لانے اور پاک سر زمین سے دہشتگردوں کے خاتمے تک آپریشنز جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔ سیاسی و عسکری قیادت نے ریاست کی رٹ قائم کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جانے پر بھی اتفاق کیا ۔

متعلقہ عنوان :