کوئٹہ ، غیر معیاری انسداد پولیو مہم پرڈی ایچ او اور یو سی ایم او کو فوری معطل کیا جائے گا ، محکمہ صحت بلوچستان

بدھ 27 مئی 2015 18:15

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) محکمہ صحت بلوچستان نے چیف سیکرٹری کی جانب سے جاری ہونے والے ہدایات کے پیش نظر فیصلہ کیا ہے کہ کوئٹہ ، پشین اور قلعہ عبداللہ میں غیر معیاری انسداد پولیو مہم پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) اور یونین کونسل میڈیکل آفیسر (یو سی ایم او ) کو فوری طور پر معطل کردیا جائے گا ، چیف سیکرٹری کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق غیر معیاری انسداد پولیو مہم قطعی برداشت نہیں کی جائے گی ،انسداد پولیو مہم کی تحقیقات پر لاٹ کوالیٹی اشورنس سیمپلنگ (ایل کیو اے ایس ) کی ناکاکامی کی صوررت میں سخت کارروائی کی جائے گی ،نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان کے تحت ڈپٹی کمشنر کو بھی نوٹس جار ی کیے جائیں گے اور غیر معیاری انسداد پولیو مہم کی تحقیقات کی جائے گی ،چیف سیکرٹری کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق لیڈی ہیتلھ وررکرز کی جانب سے انسداد پولیو مہم میں فرائض انجام نہ دینے پر قانونی کارروائی کرتے ہوئے انہیں معطل کرکے تنخواہیں ادا نہیں کی جائیں گی ، ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق پولیو کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کیا جائے گی اور ہر بچہ جس کی عمر پانچ سال سے کم کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ، بلوچستان میں 51یونین کونسل کو پولیو وائرس کے لئے ہائی رسک قرار دیا گیا ہے اور ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کیے جارہے ہیں ، رواں سال بلوچستان میں پولیو کے تین کیسز کوئٹہ ، قلعہ عبداللہ اور لورالائی میں تصدیق ہوئی ہیں جبکہ حال ہی میں کوئٹہ اور قلعہ عبداللہ میں ماحولیات میں پولیو وائرس کی تصدیق کی گئی ہے جس سے صورتحال مزید سنجیدہ ہوگئی ہے۔