اسلامی تعلیمات سے متصادم رویوں نے معاشرے کو زوال کا شکار کیا، اُم رقیہ

نوجوان نسل کی اخلاقی تربیت اسلامی اصولوں پر کرنا والدین ،اساتذہ کی بنیادی ذمہ داری ہے ،تقریب سے خطاب

بدھ 27 مئی 2015 17:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) فلاحی ادارے میسو گرومنگ سسٹم کی منیجنگ ڈائریکٹر اُم رقیہ نے اسلامی تعلیمات سے متصادم رویے اور عادات کو پاکستانی معاشرے کے زوال کا سبب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام کی روشن تعلیمات پر عمل کرنے سے ہی انسان کی فلاح اور خوشحالی کا حصول ممکن ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سچائی ،ایمانداری،رواداری ،باہمی عزت و احترام ،اخوت و بھائی چارہ اور اعلیٰ اخلاق و کردار جیسے اوصاف حمیدہ جو مسلمانوں کی پہچان ہیں آج ہمارے معاشرے میں ناپید ہو چکے ہیں ہمارے رویے اور عادات اسلامی تعلیمات کی عکاسی نہیں کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی اخلاقی تربیت اسلامی اصولوں پر کرنا والدین ،اساتذہ، علمائے اکرام کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حق گوئی،ایمانداری،اعلیٰ اخلاقی کردار اسلامی معاشرے کی امتیازی خصوصیات ہیں جو بد قسمتی سے ہمارے معاشرے میں رفتہ رفتہ ختم ہوتی جا رہی ہیں اسی لیے ہمیں ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن ہونے کیلئے دین اسلام کی روشن تعلیمات پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کو ترجمہ کے ساتھ پڑھنے سے ثواب کے ساتھ نفس کی اصلاح کا بندوبست بھی ہو جاتا ہے۔