مذہبی اور فرقہ وارانہ جماعتیں بھی خم ٹھونک کے میدان میں آ گئیں

الائنس بنانا اور ایجنڈے تشکیل دینا شروع کر دیئے

بدھ 27 مئی 2015 17:52

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) ستمبر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے راولپنڈی کی مذہبی اور سیاسی جماعتیں بھی میدان میں خم ٹھونک کر آ گئی ہیں جن میں کچھ فرقہ وارانہ تنظیمیں بھی شامل ہیں ۔ ان پارٹیوں نے ہر فورم پر اپنے ایجنڈے بھی وضع کرنا شروع کر دیئے ہیں ۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اپنے مکتبہ فکر کے ووٹرز سے سپورٹ حاصل کرنے کے علاوہ یہ مذہبی و سیاسی جماعتیں الیکشن ایجنڈوں کے ذریعے عوام کو قائل کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہجیں کہ جب وہ بلدیاتی انتخابات کے ذریعے منتخب ہو جائیں گے تو وہ صحت ، تعلیم اور نکاسی آب جیسی سہولتوں کو مزید بہتر بنائیں گے ۔

میٹنگز شروع ہو چکی ہیں ایجنڈے وضع ہونا شروع ہو گئے ہیں اور ہر فورم پر ایک دوسرے اتحاد اور اختلاف کے حوالے سے رائے دینا بھی شروع کر دی ہے اپنی موجودگی کو ثابت کرنے کے لئے سنی تحریک ، اہل سنت والجماعت اور مجلس وحدت المسلمین جیسی مذہبی جماعتوں نے پاکستان تحریک انصاف ، پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن ) جیسی بڑی جماعتوں سے الائنس بنانے کے لئے کوششیں بھی شروع کر دیں ہیں ۔

(جاری ہے)

چھوٹی پارٹیاں اپنے مخصوص حلقوں میں ٹکٹوں کے لئے بھی کوشاں ہیں اہل سنت والجماعت کے مقامی ترجمان عنیب فاروق کا کہنا ہے کہ وہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں سرگرمی سے حصہ لے رہے ہیں اور پنجاب میں بھی ایسا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کلیئر ایجنڈا ہیں جس کا مقصد بنیادی سطح پر بہتر سہولیات کی فراہمی ہے اس پارٹی نے پاکستان راہ حق پارٹی کے ساتھ بھی الائنس تشکیل دیا ہے اور عوام دوست گروپ کے نام پر الیکشن میں حصہ لے گی ۔

کینٹ بورڈز کے انتخابات میں شکست کھانے کے بعد سنی تحریک نے بھی آنے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے تیاریاں تیز کر دیں ۔ بہارہ کہو میں یکم جون کو ایک میٹنگ بھی طلب کی گئی ہے جس کے بعد پارٹی باضابطہ طور پر اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرے گی اور راولپنڈی اسلام آباد میں کارنر میٹنگز کا انعقاد کیا جائے گا ۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ الائنس تشکیل دینے کے لئے پی پی پی ، پی ایم ایل ( ن ) اور پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں ۔

سنی تحریک کے ایک ترجمان زاہد حبیب قادری کا کہنا ہے کہ یہ سیاست ہے اور یہ لین دین کا گیم ہے اور اس اصول کی بنیاد پر ہم کسی بھی پارٹی کے ساتھ الائنس تشکیل دے سکتے ہیں ۔ اسی طرح گزشتہ دنوں بھی مجلس وحدت المسلمین نے بھی ایک میٹنگ کا انعقاد کیا جس میں انہوں نے ان امیداوروں کی فہرست تیار کی جن کو پارٹی نے ٹکٹس کے لئے مناسب سمجھا ہے ۔ پارٹی نے پی ٹی آئی اور ن لیگ کے ساتھ بھی الائنس بنانے پر غور کیا ہے ۔

اتحادوں بارے تبصرہ کرتے ہوئے اہل سنت والجماعت کے ترجمان عنیب فاروقی نے کہا کہ ہم اپنے مذہبی مخالفین کے علاوہ کسی کے ساتھ بھی الائنس بنا سکتے ہیں ۔ وحدت المسلمین کے ترجمان اصغر شکری نے کہا کہ موجودہ سیکیورٹی صورت حال کو سامنے رکھتے ہوئے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے ہمیں دہشت گردی کے خلاف محد ہونے کی ضر ورت ہے ۔ ہم انسان پہلے ہیں اور عقیدے کے لحاظ سے مسلمان ہیں اور ہمارے درمیان کوئی فرق نہیں ہے ۔ دریں اثناء راولپنڈی کے شہریوں کا کہنا ہے کہ سنگین خطرات موجود ہیں اور ضلعی انتظامیہ کو ان خطرات کو ختم کرنے کے لئے سیکیورٹی انتظامات کرنے چاہئیں تاکہ پرامن انتخابات کا انعقاد ہو ۔