بجٹ میں تعلیم اور صحت کے بجٹ میں غیر معمولی اضافہ کیا جائے ‘ ثمینہ خالد گھرکی

ہمارا معاشرہ صحت مند ہو گا تو دنیا کا کوئی بھی ملک پولیو جیسی بیماری کیوجہ سے ہم پر سفری پابندیاں عائد نہیں کریگا

بدھ 27 مئی 2015 17:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آنے والے بجٹ میں تعلیم اور صحت کے بجٹ میں غیر معمولی اضافہ کیا جائے ،افسوس کی بات ہے کہ سب سے کم بجٹ انہی دو شعبوں میں رکھاجاتا ہے اور جن شعبوں کا براہ راست عوام کو فائدہ پہنچانے سے کوئی تعلق نہیں ہوتا ان کا بجٹ سب سے زیادہ رکھا جاتا ہے ۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمارے مستقبل کو روشن بنانے والے اساتذہ اپنے جائز حقوق کے لئے سڑکوں پر ہیں لیکن حکومت ان کا معیار زندگی بہتر کرنے کے لئے تیار ہی نہیں ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں یہی حال ڈاکٹرز کا ہے وہ بھی اپنے جائز مطالبات منوانے کے لئے سارا سال سڑکوں پر رہتے ہیں لیکن ان کی کوئی بھی سننے کے لئے تیار نہیں ہوتا اور ان سے جھوٹے وعدے کرکے سال گذار دیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

ثمینہ خالد گھرکی نے کہا کہ کسی بھی ملک وقوم کی اس وقت تک ترقی ممکن نہیں جب تک وہ تعلیم اور صحت کے شعبے میں ترقی نہیں کرلیتا ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہونے کے لیے تعلیم اور صحت مند معاشرے کا فروغ انتہائی ضروری ہے کیونکہ تعلیم انسان کو شعوربخشتی ہے اور اگر ہمارا معاشرہ صحت مند ہو گا تو دنیا کا کوئی بھی ملک پولیو جیسی بیماری کی وجہ سے ہم پر سفری پابندیاں عائد نہیں کرے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے سرکاری تعلیمی اداروں اور سرکاری ہسپتالوں کی صورت حال انتہائی سنگین ہوچکی ہے جس پر ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے اگر حکومت نے ان دونوں اہم بنیادی ضروریات کے شعبوں کے لئے ایک غیر معمولی اور خاطر خواہ بجٹ نہ رکھا تو پیپلز پارٹی ایسے کسی بھی بجٹ کو قبول نہیں کرے گی۔

متعلقہ عنوان :