انچارج لوئر مال نے خاتون سے پرس چھین کر فرار ہونے والاڈاکو پکڑ کرداتا دربار پولیس کے حوالے کردیا

چیف ٹریفک آفیسر لاہور کا بہادری ، فرض شناسی کا مظاہرہ کرنیوالے اہلکار وں کیلئے 2/2ہزار روپے نقدانعام اور اسناد دینے کا اعلان

بدھ 27 مئی 2015 17:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) ٹریفک سیکٹر لوئر مال کے سیکٹرانچارج اور2وارڈنز نے خاتون سے پرس چھین کر فرار ہونے والے ڈاکو کو پکڑ کر ما ل مسروقہ سمیت تھانہ داتا دربار کے حوالے کردیا ۔چیف ٹریفک آفیسر لاہورطیب حفیظ چیمہ نے جرات، بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کو 2/2ہزار روپے نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا وارڈنزٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر عوام کی خدمت کرتے ہوئے نظر آئیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سیکٹر انچارج لوئر مال طارق ولی پٹرولنگ کررہے تھے کہ موہنی روڈ کے قریب ایک ڈاکونے عزیز بیگم زوجہ خالد سکنہ گلی نمبر 2ٹبہ بابا فریدلوئر مال سے اس کاپرس چھین کر فرار ہو رہا تھا۔خاتون کے شور مچانے پر ٹریفک انسپکٹرطارق ولی نے ٹریفک وارڈنز فیاض اور نوید کے ہمراہ ڈاکو کا تعاقب شروع کردیا اور پرس چھیننے والے ڈاکو کو پکڑ لیا ۔ملزم باقر ولد شیر سکنہ کالا خطائی نے سے چھینا گیا پرس بھی برآمد ہوگیا۔ٹریفک اہلکاروں نے ساری صورتحال افسران بالا کے علم میں لاتے ہوئے ملزم کوداتا دربار پولیس کے حوالے کردیا ۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے ۔

متعلقہ عنوان :