علما ء، پیش اماموں کی تقاریر میں اسلام کی وضاحت کو اخلاقیات ‘ انسانیت کے موضوعات تک محدود کرنے کیلئے جمعہ کے خطبات کی نگرانی کا فیصلہ

ملی یکجہتی کونسل نے جمعہ کمیشن، مصالحتی کمیشن، علمی و تحقیقی کمیشن اور اسلامی نظریاتی کونسل کمیشن کے ناموں سے چار کمیٹیاں تشکیل دیدیں اراکین نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے مختلف مساجد کا دورہ کرکے خاص طور پر مذہبی علما کی تقاریر کا جائزہ لیں گے‘ مرکزی رہنما لیاقت بلوچ

بدھ 27 مئی 2015 17:19

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء ) ملی یکجہتی کونسل نے مذہبی علما ء اور پیش اماموں کی تقاریر میں مذہب اسلام کی وضاحت کو اخلاقیات اور انسانیت کے موضوعات تک محدود کرنے کے لیے مساجد میں جمعہ کے خطبات کی نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جمعہ کے خطبات کی نگرانی کا فیصلہ ملی یکجہتی کونسل کے ایک اہم اجلاس کے دوران کیا گیا۔اس منصوبے کے تحت اجلاس کے شرکا نے جمعہ کمیشن، مصالحتی کمیشن، علمی و تحقیقی کمیشن اور اسلامی نظریاتی کونسل کمیشن کے ناموں سے چار کمیٹیاں تشکیل دیں۔

ملکی یکجہتی کونسل اور جماعت اسلامی کے سینئر رہنما لیاقت بلوچ نے بتایا کہ جمعہ کے خطبات میں بامقصد پیغامات کے ذریعے فرقہ وارانہ اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک مشن کے تحت کام شروع کردیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کی نماز کے اجتماع میں اخلاقیات، انسانیت، تہذیب، خاندانی نظام، ثقافت اور عوامی حقوق کے موضوعات پر تقاریر کی جائیں گی۔مولانا عبدالجلیل نقشبندی کی سربراہی میں قائم جمعہ کمیشن کے طریقہ کار پر بات کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ اس کے اراکین نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے مختلف مساجد کا دورہ کریں گے جس کے دوران وہ خاص طور پر مذہبی علما کی تقاریر کا جائزہ لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ بات نوٹ کی گئی کہ مذہبی علما ایسے معاملات پر تقاریر کررہے ہیں جو کسی طرح کے مسائل کا سبب بن سکتی ہے، تو کمیشن کے اراکین فوری طور پر ان کی تقاریر کو اخلاقیات اور انسانیت وغیرہ تک محدود رکھنے کے لیے کہیں گے۔اس کے علاوہ جمعہ کمیشن کے اراکین پیشگی اقدام کے تحت پیش اماموں کو منتخب موضوعات کے بارے میں بریفنگ بھی دیں گے جن پر جمعہ کے خطبات میں بات چیت کی اور مذہبی اور مسلکی تنازعات سے گریز کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کمیشن کے اراکین فساد پھیلانے والی سرگرمیوں کی نگرانی کے ذریعے مسلم اقلیتوں سمیت تمام اقلیتوں اور ملک میں موجود ان کی عبادتگاہوں کا تحفظ کرنے کی بھی کوشش کریں گے۔

متعلقہ عنوان :